لاہور (صباح نیوز) عمران خان کی جانب سے 24 ستمبر کو رائے ونڈ کی جانب جارچ کے اعلان کے بعد لیگی کارکنوں نے جاں نثار نواز شریف فورس بنا لی ہے۔ ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق جاں نثار فورس میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، لیگی کارکنوں پر مشتمل جاں نثار فورس وزیر اعظم کی رہائش گاہ کی جانبروانہ ہو گئی ہے۔ لیگی کارکنوں کا کہنا ہے کہ 24 ستمبر تک وزیر اعظم کے گھر کا پہرہ دیں گے۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف نے رائے ونڈ جانے کی تاریخ بدلنے پر غور شروع کر دیا۔ سینئر قیادت نے پارٹی چیئرمین عمران خان کو مشورہ دیا ہے کہ وزیراعظم بیرون ملک جا رہے ہیں۔ ایسے میں رائے ونڈ جانے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ کپتان نے تاریخ تبدیل کرنے کے حوالے سے صلاح و مشورے شروع کر دیے ہیں۔