مانچسٹر(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان نے واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں انگلینڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔اولڈ ٹریفورڈ گراؤنڈ کھیلے جانے والے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے ۔ قومی بولرز کی نپی تلی بولنگ کی وجہ سے انگلش بیٹسمن زیادہ کھل کر جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ نہ کرسکے، جوز بٹلر 16، کپتان این مورگن 14، بین اسٹوکس 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔گرین شرٹس کی جانب سے وہاب ریاض نے 3 جب کہ عماد وسیم اور حسن علی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں پاکستان نے مطلوبہ ہدف 15ویں اوور کی آخری گیند پرباآسانی حاصل کرلیا۔شرجیل خان اور خالد لطیف نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں بلے بازوں نے انگلش بولروں کو مار مار کر ان کا بھرکس نکال دیا۔ دونوں اوپنرز نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 107 رنز کی شراکت قائم کی اور اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں۔ شرجیل خان نے 30 گیندوں پر 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور ٹیم کا مجموعی اسکور 107 تک پہنچا تو وہ36گیندوں پر 59 رنز بنا کر عادل رشید کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے جب کہ خالد لطیف نے بھی42گیندوں پر2 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 59رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی جب کہ بابراعظم بھی 15رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔