عوام ایم کیو ایم پاکستان کو مقتدر حلقوں کا کھیل سمجھ رہے ہیں‘حافظ نعیم

119

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں جماعت اسلامی کراچی کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی ۔کراچی کی تعمیر و ترقی میں جماعت اسلامی کا کردار اہم اور بنیادی رہا ہے ۔جماعت اسلامی ہی موجودہ سیاسی خلاپُر کرسکتی ہے اور عوام کے مسائل حل کر سکتی ہے ۔جماعت اسلامی کی قیادت نے پہلے بھی کراچی کے عوام کی مثالی خدمت کی ہے اور ہمیں آئندہ جب بھی موقع ملے گا ہم شہر کوتعمیر و ترقی اور شہریوں کو ترقی و خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن کریں گے ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی نے بڑے پیمانے پر عوامی رابطہ عوام مہم شروع کی ہوئی ہے اور ہمارے کارکنان عوام کے پاس گھر گھر جاکر رابطے کر رہے ہیں ۔ہم شہر میں زونز کی سطح پر عوامی رابطہ دفاتر قائم کر رہے ہیں ۔کئی دفاتر کا افتتاح ہو چکا ہے ۔جماعت اسلامی کے تحت مصالحتی اور پبلک ایڈ کمیٹیوں کو منظم اور فعال کر کے عوامی مسائل کے حل کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔گزشتہ 30سال میں کراچی کے حالات اور سیاست نے عوام کو بند گلی میں لاکر کھڑا کر دیا ہے لیکن اب وقت آگیا ہے کہ بند گلی کی سیاست ترک کی جائے۔ بند گلی کی سیاست ترک کر نے والوں کے لیے جماعت اسلامی ایک بہترین اور فطری انتخاب ہے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی منی پاکستان ہے یہاں ملک کے ہر علاقے اور ہر زبان بولنے والے افراد رہائش پذیر ہیں ۔ جماعت اسلامی نے بلا تفریق مظلوموں کی حمایت اور داد رسی میں ہمیشہ اپنا کردار اد اکیا ہے۔ جماعت اسلامی میں شمولیت کی دعوت سب کے لیے ہے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ الطاف حسین کے پاکستان مردہ باد نعروں کے بعد الطاف حسین کی امریکا میں پاکستان مخالف کھلی تقریر اور پھر ان کے رہنمافاروق ستا رکی اعلان کردہ ایم کیو ایم پاکستان کو تسلیم کرلینا لوگوں کے ذہنوں میں شکوک و شبہا ت کا ذریعہ بنا ہے اور عوام اسے مقتدر حلقوں کا کھیل سمجھ رہے ہیں۔ہم سمجھتے ہیں کہ کراچی کو پچھلے 30سالہ لسانی سیاست کے تناظر میں دیکھا جائے تو تباہی و بربادی کراچی کا مقدربنی ہے اور اس میں ایم کیو ایم کاکردار کلیدی ہے ۔