پی ایس 127میں ضمنی انتخاب آج ہوگا‘134پولنگ اسٹیشن قائم

125

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ملیر کے حلقہ پی ایس 127 میں ضمنی انتخاب آج ہوگا‘ اصل مقابلہ پیپلز پارٹی کے مرتضیٰ بلوچ، متحدہ کے وسیم احمد اور پی ٹی آئی کے ندیم میمن کے مابین ہوگا‘ حلقے میں مجموعی طور پر 20 امیدوار حصہ لے رہے ہیں جن میں سیاسی پارٹیوں کے علاوہ آزاد امیدوار بھی شامل ہیں۔حلقے میں ٹوٹل ووٹروں کی تعداد 2 لاکھ7 ہزار467 ہے‘ پولنگ اسٹیشن کی تعداد 134 ہے جن میں سے 116 پولنگ اسٹیشنوں کو حساس قرار دیا گیا ہے‘ پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر رینجرز کے اہلکار تعینات ہوں گے۔ الیکشن کمیشن کی مانیٹرنگ ٹیموں نے پولنگ اسٹیشن کا دورہ کر کے پولنگ کا سامان عملے کو فراہم کر دیا۔سندھ حکومت کی جانب سے ضمنی انتخابات کے موقع پر کورنگی اور ملیر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔پی ایس 127 کے تمام پولنگ اسٹیشنوں کو انتہائی حساس اور حساس قرار دیا گیا ہے۔ رینجرز کے افسران کو پولنگ بوتھ پر تعینات کرکے مجسٹریٹ کے اختیارات تفویض کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ ایس ایس پی ملیر راؤ انوار نے بھی ضمنی انتخابات کے موقع پر امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور کسی بھی ناخوش گوار واقعے سے نمٹنے کے لیے ڈسٹرکٹ کے تمام ایس پی، ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو پولنگ اسٹیشنوں پر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ 500 سے زائد پولیس افسران و جوان ڈیوٹی پر مامور ہوں گے۔