اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سعید غنی نے کہا کہ قومی اسمبلی میں اصل حزب اختلاف کے ارکان کا خورشید شاہ پر اعتماد ہے،پی ٹی آئی اور متحدہ پاکستان کو خواب دیکھنے پر کوئی پابندی نہیں ہے۔ پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کے درمیان بڑھتے ہوئے مراسم پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ ایم کیو ایم خود بھی تاحال فیصلہ نہیں کر سکی کہ وہ حزب اختلاف میں ہے یا حزب اقتدار میں جبکہ گزشتہ ساڑھے4برس کے دوران قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کی صرف آنیاں جانیاں رہیں۔ انہوں نے کہا کہ خورشید شاہ نے ہر مرحلے پر قومی اسمبلی کے اندر پی ٹی آئی کی عزت بچائی مگر شاید پی ٹی آئی والوں کو پتا ہی نہیں کہ عزت کے معیار کیا ہوتے ہیں۔سعید غنی نے کہا کہ شاہ محمود قریشی اچھی اداکاری تو کر سکتے ہیں وفاداریاں تبدیل کرنے میں بھی ان کا کوئی ثانی نہیں، غلط بیانی کرنے میں بھی مہارت رکھتے ہیںجبکہ ایم کیو ایم پاکستان نے بظاہر الطاف حسین سے راستے الگ کیے ہیں مگر ان کی زبان وہی ہے۔سعید غنی نے کہا کہ کراچی کے عوام نے حال ہی میں ضمنی انتخابات کے دوران نہ صرف ایم کیو ایم پاکستان بلکہ پی ٹی آئی کو بھی آئینہ دکھایا ہے۔