صحت مند معاشرے کے قیام کیلئے نوجوانوں کو میدان میں لانا ہوگا، اقبال ظفر

319

فیصل آباد(جسارت نیوز )نوجوانوں کو ٹی وی اور موبائل اسکرینوں سے کھیل کے میدانوں کی طرف لاکر ان کی جسمانی صحت کو یقینی بنانا ہوگا تاکہ ایک صحت مند معاشرہ کو آگے بڑھایاجاسکے۔ یونیورسٹی میں پنجاب حکومت کے تعاون سے ویمن اسپورٹس کمپلیکس تکمیل کے آخری مراحل میں ہے جس کے بعد زرعی یونیورسٹی ملکی سطح پر ان چند جامعات میں شامل ہوجائے گی جہاں عالمی معیار کی ا سپورٹس سہولیات میسر ہونگی۔
یہ باتیں زرعی یونیورسٹی فیصل آبا دکے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اقبال ظفر نے کلیہ فوڈ ‘ نیوٹریشن و ہوم سائنسز کے زیراہتمام ہائر ایجوکیشن کمیشن کی 15سالہ تقریبات کے سلسلے میں منعقدہ اسپورٹس گالہ میں مہمان خصوصی کے طو رپر خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ڈاکٹر محمد اقبال ظفر نے کہا کہ ماضی کے مقابلہ میں آج کے نوجوان کا زیادہ تر وقت ٹیلی ویژن اور موبائل اسکرینوں پر صرف ہوتا ہے لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ ایسے نوجوانوں کو کھیل کے میدانوں کا راستہ دکھاتے ہوئے صحت مند معاشرے کیلئے کام کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی میں ا سپورٹس کے حوالے سے غیرمعمولی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور انڈر و پوسٹ گریجوایٹ کلاسز میں اسپورٹس کے کریڈٹ آورز شامل کر دیئے گئے ہیں

تاکہ کھیلوں میں شرکت کرنے والے نوجوانوں کیلئے آسانیاں پیدا کی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آج نوجوانوں میں اسپورٹس مین اسپرٹ پیدا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ مقابلے اور مسابقت کے دور میں انہیں مشکلات اور چیلنجز سے نبردآزما ہونے کیلئے تیار کیا جا سکے۔ انہوں نے انکشا ف کیا کہ یونیورسٹی کے ا سپورٹس گراؤنڈز نے قومی ہاکی ٹیم کیلئے متعدد اولمپیئنز اور قومی ہینڈ بال ٹیم کے تقریباً تمام کھلاڑی پیدا کئے ہیں جبکہ قومی کرکٹ ٹیم کا حصہ بننے والے متعدد نوجوان بھی انہیں گراؤنڈ ز میں پروان چڑھے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نئے ا سپورٹس کمپلیکس میں اولمپک سائز کا سوئمنگ پول اور جدید ترین جمنازیمقائم کرنے کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی کیلئے اعزازات جیتنے والے کھلاڑیوں کی تصاویر کا حامل بڑا ہال بھی زیرتعمیر ہے جہاں ان کی تصاویر و اعزازات نمائش کیلئے رکھے جائیں گے۔ اس موقع پر کلیہ کے نوجون لڑکوں اور لڑکیوں کے مابین رسہ کشی کا دلچسپ مقابلہ بھی منعقد ہوا ۔ تقریب میں ڈین کلیہ فوڈ‘ نیوٹریشن و ہوم سائنسز ڈاکٹر مسعود صادق بٹ‘ ڈائریکٹر جنرل نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر طاہر ظہور اور انسٹی ٹیوٹ آف ہوم سائنسز کی اساتذہ بھی موجود تھیں۔