ابو ظہبی (جسارت نیوز) قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ سری لنکن ٹیم بے خوف ہو کر پاکستان آئے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان محفوظ ملک ہے، چاہتے ہیں کہ سری لنکا کی ٹیم پاکستان آ کر کھیلے، سری لنکن ٹیم مضبوط حریف ہے، ان کو ٹف ٹائم دیں گے، اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے آئی لینڈرز کو یقین دلایا کہ پاکستان میں انہیں سکیورٹی کے کوئی مسائل نہیں ہوں گے۔ ورلڈ الیون کا کامیاب ٹور اس کی دلیل ہے، سری لنکن ٹیم بھی بلا جھجک پاکستان آ کر کھیل سکتی ہیں۔دوسری طرف سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کپتان دنیش چندیمل نے دورہ پاکستان کو پلیئرز کی رضامندی اور سکیورٹی کلیئرنس سے مشروط کر دیا۔سری لنکن کپتان دنیش چندیمل نے کہا کہ پاکستان آ کر کھیلنے سے قبل تمام پلیئرز سے مشاورت کی جائے گی، ان کی رضامندی اور سکیورٹی کلیئرنس کے بعد ہی پاکستان آ کر کھیلنے کے حوالے سے فیصلہ کر سکیں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سری لنکن بورڈ کے سربراہ نے بھی دورہ پاکستان کے حوالے سے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہاتھا کہ بورڈکھلاڑیوں کو دورہ پاکستان کے لیے مجبور نہیں کرسکتا۔