آسٹریلیا کے خلاف ایشنر سیریز کیلئے انگلش اسکواڈ کا اعلان‘ بین اسٹوکس بھی ٹیم میں شامل

162

لندن (جسارت نیوز) انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کی سلیکشن کمیٹی نے آسٹریلیا کے خلا ف شیڈول ایشز سیریز کیلئے 16 رکنی ا سکواڈ کا اعلان کر دیا، نائب کپتان بین اسٹوکس گرفتاری کے باوجود ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے، گیری بیلنس اور جیمز ونس کی دوبارہ ا سکواڈ میں واپسی ہوئی ہے جبکہ ایلکس ہیلز کو ڈراپ کر دیا گیا، فاسٹ بولرز ٹوبی رولانڈ جونز اور ٹام ویسٹلے انجری کے باعث سیریز سے دستبردار ہو گئے، میسن کرین، بین فوکس اور کریگ اوورٹن پہلی مرتبہ سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ایشز سیریز کا آغاز 23 نومبر کو برسبین ٹیسٹ سے ہو گا۔ انگلش سلیکٹر جیمز ویٹیکر نے ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے کینگروز کے خلاف سیریز کیلئے متوازن اور مضبوط اسکواڈ تشکیل دیا ہے، امید ہے کہ ٹیم ایشز سیریز کے ٹائٹل کا دفاع کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔



انہوں نے کہا کہ دورہ آسٹریلیا کیلئے بیک اپ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان 2 اکتوبر کو کیا جائے گا جبکہ ون ڈے ا سکواڈ کا اعلان 4 اکتوبر کو شیڈول ہے۔ اعلان کردہ ٹیم کپتان جوروٹ، نائب کپتان بین اسٹوکس، جیمز اینڈرسن، معین علی، جونی بیئرسٹو، جیک بال، گیری بیلنس، اسٹورٹ براڈ، ایلسٹرکک، میسن کرین، جیمز ونس، بین فوکس، ڈیوڈ مالان، کریگ اوورٹن، مارک ا سٹونمین اور کرس ووکس پر مشتمل ہے۔