لاہور (جسارت نیوز)ڈائریکٹر جنر ل اسپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے کہا ہے کہ 21ویں کامن ویلتھ گیمز گولڈ کاسٹ آسٹریلیا کے سلسلے میں کوئنز بیٹن ریلے کا لاہور آنا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کھیلوں کیلئے محفوظ ملک ہے، ورلڈ الیون کے کامیاب دورہ سے پاکستان کا سافٹ امیج سامنے آیا ہے، کوئنز بیٹن ریلے کی آمد سے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی، دنیا کی تمام ٹیموں کو پاکستان آنے کی دعوت دیتے ہیں اور یقین دلاتے ہیں کہ ان کو مکمل سکیورٹی دیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز حضوری باغ میں کوئنز بیٹن ریلے کی لاہور آمد کے موقع پر بیان میں کیا، تقریب میں آسٹریلیا کی ہائی کمشنرمس مارگریٹ ایڈمسن، صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ، سیکرٹری ا سپورٹس پنجاب نیئر اقبال اور میئر لاہور کرنل (ر)مبشر جاوید بھی موجود تھے، ڈی جی اسپورٹس پنجاب نے کہا کہ پنجاب حکومت اسپورٹس کو خصوصی اہمیت دیتی ہے، اس کیلئے خطیر فنڈ بھی مختص کئے گئے ہیں،
ا سپورٹس کے سیکڑوں منصوبوں پر کام جاری ہے، اسپورٹس بورڈ پنجاب کھلاڑیوں کی تربیت کیلئے بھی اقدامات کررہا ہے، انہوں نے کہا کہ کوئنز بیٹن ریلے کی لاہور آمد اسپورٹس کیلئے تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوگا، کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا، ہم دنیا کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ پاکستان آئیں ان کو مکمل سکیورٹی فراہم کریں گے، ورلڈ الیون کے کامیاب دورہ پاکستان سے بین الاقوامی برادری کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، کامن ویلتھ گیمزمیں پاکستان کے کھلاڑی شرکت کرتے رہے ہیں اور مستقبل میں بھی شرکت کریں گے، ہم پرامید ہیں کہ ہمارے کھلاڑی کامن ویلتھ گیمزمیں بہترین کارکردگی کامظاہرہ کریں گے۔