بیجنگ(جسارت نیوز) ا سٹار پاکستانی کھلاڑی اعصام الحق نے چینگڈو اوپن ٹینس ٹورنامنٹ مینز ڈبلز ٹائٹل جیت لیا، یہ ان کا5 واں جبکہ مجموعی طور پر 16 واں اے ٹی پی ٹور ٹائٹل ہے، اعصام اور جوناتھن ایلرچ نے فیصلہ کن معرکے میں مرسیلو ڈیمولائنر اور مارکس ڈینل کو شکست دے کر ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا، اعصام کیلئے باعث اعزاز بات یہ ہے کہ انہوں نے 5 مختلف پارٹنرز کے ساتھ 5 ٹائٹل جیتے۔ اتوار کو چین میں کھیلے گئے چینگڈو اوپن کے مینز ڈبلز فائنل میں اعصام الحق اور ان کے اسرائیلی (ناپسندیدہ ملک) جوڑی دار جوناتھن ایلرچ نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے برازیل کے مرسیلو ڈیمولائنر اور ان کے نیوزی لینڈ کے جوڑی دار مارکس ڈینل کو دلچسپ مقابلے کے بعد 6-3 اور 7-6 سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔
بیان میں انہوں نے کہا کہ5 مختلف پارٹنرز کے ساتھ ٹائٹلز جیتنا یقیناً میرے لئے باعث فخر لمحہ ہے، یہ سال میرے کیلئے کافی شاندار رہا ہے۔ اور اب میری کوشش ہو گی کہ ٹاپ ٹوئنٹی پوزیشن کے ساتھ سیزن کا اختتام کروں، میں جانتا ہوں کہ میری عمر 37 سال ہو گئی ہے لیکن میں سمجھتا ہوں کہ ابھی مزید چند سال تک میری ٹینس باقی ہے، گرینڈ سلام ٹائٹل جیت کر عالمی درجہ بندی میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنا ہدف ہے اور مقصد کے حصول کیلئے میں سخت محنت کروں گا۔