کراچی (پ ر)نومبر1977ء سے بچوں کے ادب کی ترویج و تخلیق میں کوشاں ماہنامہ ساتھی اپنی اشاعت کے چالیسویں سال کے موقع پر ماہِ نومبر میں اپنا خاص شمارہ ’ بعنوان’ چالیس سالہ نمبر‘‘ جاری کرنے جارہا ہے، جس میں بچوں کے ادب سے منسلک ملک کے نامور ادیب و شعرا کے خصوصی مضامین، کہانیاں و نظمیں شائع کی جائیں گی۔ ماہنامہ ساتھی کے مدیر اعظم طارق خان کے مطابق دورِ جدید میں اسمارٹ فون و دیگر کمیونیکیشن آلات کی فراوانی بچوں کے ادب کے فروغ کا باعث بن رہی ہے، لیکن کتاب کے مطالعے کی روایت کا قائم رہنا تہذیبی ارتقا کے لیے لازم و ملزوم ہے، جس کے لیے ماہنامہ ساتھی صفِ اول کا کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماہنامہ ساتھی کا چالیس سالہ نمبر ایک ضخیم شمارہ ہوگا، جس میں بچوں کے ادبی تاریخ میں اپنی نوعیت کے واحد “جشنِ احمریں”کو شایانِ شان طریقے سے منایا جائے گا اور اس مناسبت سے خصوصی تحریریں شامل کی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بچوں میں مطالعے کی عادت کو پروان چڑھا کر انہیں اپنی اقدار سے رُوشناس کروانا ہوگا،جس کے لیے ماہنامہ ساتھی کئی دہائیوں سے کوشاں ہے۔ماہِ نومبر میں شائع ہونے والے چالیس سالہ شمارے میں عظیم شاعر و مفکر علامہ اقبال کے ماہِ ولادت کی مناسبت سے بھی خصوصی معلومات، سرگرمیاں اور نظمیں شامل ککی جائیں گی۔ اس خاص شمارے کے نمایاں لکھنے والوں میں میر شاہد حسین، احمد حاطب صدیقی، اطہر علی ہاشمی،جاوید بسام،بینا صدیقی، حفصہ صدیقی،حماد ظہیراور دیگر شامل ہیں۔