سوشل میڈیاپر نوازشریف کو مرتد،یاکافر کہنا غلط ہے، علامہ حمادی

140

ٹنڈو آدم (پ ر) وزیر داخلہ کا بیان عاشقان رسول کو ہراساں کرنے کی سازش ہے، سوشل میڈیا پر فتویٰ دینا غلط ہے ،دارالافتا موجود ہیں ،لیکن احسن اقبال کا بیان متعصبانہ ہے ،وزیرقانون کی برطرفی،گرفتاری تک خاموش نہیں بیٹھیں گے ،تنظیم تحفظ نامو س خاتم الانبیا پاکستان کے مرکزی صدر ممتاز عالم دین علامہ احمد میاں حمادی، مفتی محمد طاہر مکی، صاحبزادہ محفوظ الرحمن شمس، قاری محمد عارف ودیگر نے وزیر داخلہ احسن اقبال کے بیان کو متعصبانہ اور علما کو ہراساں کرنے کی سازش قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔ علما نے کہا کہ سوشل میڈیاپر نوازشریف کو مرتد،یاکافر کہنا غلط ہے یہ دارالافتا میں موجود عظیم مفتیان کرام کا کام ہے، ہر شخص کسی بھی ایک دوسرے کو کافر قرار نہیں دے سکتا۔ جہاد و قتال کا حکم بے شک حکومت ہی دے سکتی ہے، لیکن حکومت اگر کسی بھی اسلامی نظریے سے پہلو تہی کرے گی تو علما اور مذہبی جماعتیں میدان میں اتریں گی۔ علامہ احمد میاں حمادی نے کہا کہ ترامیم واپس لینے سے ہماری تحریک ختم نہیں ہوئی، میں تو اس ترمیم واپس لینے کو سازش گردانتا ہوں، لیکن اگر یہ حقیقت بھی ہو تو بھی وزیر قانون کو برطرف کرکے گرفتار کیا جائے اور اس پر لاکھوں مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح کرنے کا مقدمہ درج کیا جائے۔ جب اس ترمیم کے خالقین کو منظر عام پر نہیں لایا جاتا ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ مفتی محمد طاہر مکی نے کہا کہ نوازشریف کو کافر اور مرتد کہنا مشکل ہے لیکن نوازشریف نے جو ہمیشہ اسلام دشمن اقدامات کیے ہیں ان کو مدنظر رکھ کر ہم عام انتخابات میں ن لیگ کیخلاف بائیکاٹ مہم ضرور چلائیں گے۔ دریں اثنا رہنماؤں نے پاک فوج کے ترجمان کی جانب سے ناموس رسالت کے مسئلے پر جرأتمندانہ مؤقف اختیار کرنے پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔