اسلام آباد(جسارت نیوز) قومی ٹیم محمد عرفان کی قیادت میں جیت کا عزم لیے ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کیلیے آج بنگلا دیش روانہ ہو گی۔ ایونٹ 11 سے 22 اکتوبر تک کھیلا جائے گا جس میں ایشیا کی 8 بہترین ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلیے ایکشن میں دکھائی دیں گی جن میں پاکستان، میزبان بنگلا دیش، بھارت، چین، جنوبی کوریا، جاپان، اومان اور ملائیشیا شامل ہیں۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق 18 رکنی قومی ٹیم ایشیا کپ میں شرکت کیلیے آج بنگلا دیش روانہ ہو گی جبکہ 5 آفیشلز بھی ٹیم کے ہمراہ ہوں گے۔ 8 ٹیموں کو 2 مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ اے میں پاکستان، بھارت، بنگلا دیش اور جاپان، گروپ بی میں ملائیشیا، جنوبی کوریا، چین اور اومان شامل ہیں۔، پاکستانی ٹیم 11 اکتوبر کو بنگلہ دیش کے خلاف مہم کا آغاز کرے گی، گرین شرٹس اپنا دوسرا میچ 13 اکتوبر کو جاپان جبکہ تیسرا اور آخری میچ 15 اکتوبر کو روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گا۔ واضح رہے کہ دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 22 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔