ضلع سینٹرل ، سخی حسن پمپنگ اسٹیشن کے ٹینک سے مردہ کتا بر آمد۔

328

کراچی (اسٹا ف رپورٹر) کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی نااہلی کے باعث کراچی کے ضلع سینٹرل کے 70فیصد علاقہ کو پانی فراہم کرنے والے سخی حسن پمپنگ اسٹیشن کے ٹینک میں ایک ہفتہ تک مردہ کتا پڑا رہا اور واٹر بورڈ کا عملہ اس سے لاعلم رہا علاقہ مکینوں نے صوبائی وزیر بلدیات سے شکایت کی تو انہوں نے کتا نکلوانے کیلئے فوری ہدایات جاری کیں جہاں واٹر بورڈ حکام کی نگرانی میں کتے کو نکال کر ٹینک میں موجود لاکھوں گیلن پانی کو ضائع کر دیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق ڈی سی سینٹرل آفس سے متصل سخی حسن پمپنگ اسٹیشن جہاں ضلع وسطی کے علاقوں نارتھ کراچی ،بفر زون،حیدری، شادمان ۔ اور فیڈرل بی ایریا کے علاقوں کو پانی فراہم کیا جاتا ہے اس ٹینک میں 2 لاکھ گیلن سے زائد پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہے ۔6 ماہ قبل یہاں ٹینک کا ڈھکن کونامعلوم افرادنے چوری کر لیا تو واٹر بورڈ نے یہاں ڈھکن رکھنے کی زحمت تک نہ کی۔

واضح رہے کہ واٹر بورڈ شہریوں کو حفظان صحت کے اصولوں کے عین مطابق پانی فراہم کرنے کے دعوے کر رہا ہے مگر اس واٹر ٹینک کی حالت نے واٹر بورڈ کے تمام دعووں کی قلعی کھو ل دی واٹر بورڈ کی نااہلی ٹینک کے ڈھکن تک محدود نہ رہی ہیں،ٹینک کی چھت توڑ کر سریے بھی نکال لئے اور یہاں پانی کو محفوط بنانے کے امکانات ختم ہو گئے اس علاقہ میں جہاں آوارہ کتوں کی بہتات ہے ایک ہفتہ پہلے رات گئے ایک کتا ا س ٹینک میں گر گیا مگر عملہ جو اکثر یہاں سے غائب رہتا ہے

اس واقعہ سے لاعلم رہا واٹر بورڈ کی جانب سے پانی کی فراہمی بلاتعطل جاری رہی ہفتہ کے روز بچے معمول کے مطابق یہاں کھیلنے کیلئے آئے تو انہوں نے یہاں ایک مردہ کتا تیرتے ہوئے دیکھا اہل علاقہ یہاں جمع ہو گئے مگر واٹربورڈ کا کوئی اہلکار یہاں موجود نہ تھا اہل علاقہ انے اس واقعہ کی اطلاع صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی کو دی ان کی ہدایت پرواٹر بورڈ کے عملے نے مردہ کتا نکلوایا اور پانی ضائع کر دیا۔

علاقہ یوسی چیئرمین ندیم ہدایت ہاشمی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ واٹر بورڈ کی ناہلی کھل کر سامنے آ چکی ہے ہم اس واقعہ کے خلاف سٹی کونسل کراچی میں مذمتی قرارداد منظور کرائیں گئے ۔

دریں اثناء واٹر بورڈ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی کی ہدایت پر ایم ڈی واٹربورڈ خالد محمود شیخ نے پمپنگ اسٹیشن پر کتے کے گرنے کے واقعہ کا سخت نوٹس لیا ہے،تحقیقات کیلئے اعلی سطح کی کمیٹی تشکیل دیدی ہے ،ٹینک میں گرنے والے کتے کو نکال کر ٹینک کی مکمل صفائی کے بعد پانی کی فراہمی شروع کردی گئی ہے،

وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے ہفتہ کی دوپہر سخی حسن پمپنگ اسٹیشن کے ٹینک میں ایک کتا گرجانے کا سخت نوٹس لیا تھا، انہوں نے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایم ڈی واٹربورڈ کو فوری کارروائی کی ہدایت جاری کیں، صوبائی وزیر بلدیات کی ہدایت پر ایم ڈی واٹربورڈ خالد محمود شیخ نے فوری طور پر اعلی سطح کی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دیدی ہے ،

علاوہ ازیں واقعہ کی اطلاع ملتے ہی واٹربورڈ کے متعلقہ افسران سخی حسن پمپنگ اسٹیشن پہنچ گئے ، پمپنگ اسٹیشن سے پانی کی فراہمی معطل کردی اور ٹینک سے گرنے والے کتے کو نکال لیا گیا، ٹینک کی مکمل صفائی کے بعد پمپنگ اسٹیشن سے پانی کی فراہمی معمول کے مطابق شروع کردی گئی ہے۔

علاوہ ازیں ایم ڈی واٹربورڈ نے ایک فوری مراسلے کے ذریعے واٹربورڈ کے افسران اور انجینئرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ آئندہ اس قسم کے واقعات کے تدارک کیلئے واٹربورڈ کے ریزروائرز، ٹینکس واٹر چیمبرزاور پمپنگ اسٹیشنوں سمیت دیگر تنصیبات کی موثر حفاظت یقینی بنائیں واٹرٹینکس اور ریزروائر کی صفائی کی جائے اور ان کو مکمل طور پر کور کیا جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات رونما نہ ہوں، انہوں نے کہا کہ وہ شہر اور شہر سے باہر واٹربورڈ کی تنصیبات کا اچانک دورہ کرکے کیئے گئے اقدامات کا جائزہ لیں گے۔