صدر پاکستان کے پلاٹ پر قبضہ نہیں ہوا، کے ڈی اے کی وضاحت

327

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) کے ڈائریکٹر لینڈ محمد قاسم نے کہا ہے کہ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کے پلاٹ پر قبضہ نہیں ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ اسکیم 36، بلاک 10 میں کے ڈی اے کی زمین پر تنازع چل رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بورڈ آف ریونیو نے اس علاقے میں گوٹھ آباد اسکیم کے تحت الاٹمنٹس کی ہیں اور جس جگہ ڈاکٹرعارف علوی کا پلاٹ ہے وہاں شیرمحمد گوٹھ قائم ہے۔

ڈائریکٹرلینڈ کے ڈی اے کا کہنا تھا کہ کے ڈی اے اور محکمہ بورڈ آف ریونیو کے درمیان زمین کے حصول کا معاملہ عدالت میں زیرسماعت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرعارف علوی نے گزشتہ سال درخواست دی تھی جس کے تحت انہیں سائٹ پلان جاری کر دیا گیا۔

گزشتہ روز یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ کراچی کے علاقے گلستان جوہربلاک 10 میں واقع صدر پاکستان کا پلاٹ قبضہ مافیا نے ہتھیا لیا ہے۔ پلاٹ کا رقبہ 400 سو گز پر محیط ہے۔

اطلاعات کے صدرعارف علوی نے متعدد بارکوشش کی کہ پلاٹ کا قبضہ ختم کرایا جا سکے لیکن ان کی ہر کوشش بے سود رہی، کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی بھی قبضہ ختم کرانے میں ناکام رہا تاہم بدھ کت روز ڈائریکٹر لینڈ کراچی ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نے اس بات کی تردید کی ہے۔