کراچی: شربت فروش کے اکاؤنٹ میں 2 ارب روپے کی موجودگی کا انکشاف

421

کراچی میں انگوٹھا چھاپ شربت فروش ارب پتی بن گیا، بینک اکاؤنٹ میں 2 ارب روپے کی موجودگی کے انکشاف کے بعد گھر کے باہر پولیس تعینات کردی گئی، عبدالقادر کا کہنا ہے کہ وہ ان پڑھ ہے، معلوم نہیں رقم کہاں سے آئی ہے۔
کراچی میں 40 گز کے مکان میں رہنے والا عبدالقادر اپنے نام سے اکاؤنٹ اور اس میں اتنی زیادہ رقم کا سن کر پریشان ہوگیا۔ عبدالقادر گزرے وقت میں کسی کمپنی کے پاس ملازم تھا جس کے لیے اس نے اکاؤنٹ کھلوایا تاہم کھاتہ کافی عرصے سے تقریبا خالی پڑا تھا، اب اچانک اس میں 2 ارب روپے آگئے ہیں۔

شہری کے مطابق اسے ایف آئی اے نے اکاؤنٹ کے حوالے سے مطلع کیا، پھر آفس بلایا اور اکاؤنٹ بھی دکھایا۔ عبدالقادر کے مطابق وہ بالکل ان پڑھ ہے اور اپنا نام بھی نہیں لکھ سکتا، انگلش میں دستخط کیسے کرے گا؟ شہری نے مزید کہا کہ علم نہیں اکاؤنٹ میں رقم کہاں سے آئی ہے۔

ایف آئی اے کی پوچھ گچھ کے بعد عبدالقادر کے گھر کے باہر پولیس تعینات کردی گئی ہے اور معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔