دفاعی مصنوعات کی عالمی نمائش آئیڈیاز 2018ء سے عالمی برادری سے تعلقات مستحکم اور عالمی امن کو فروغ ملے گا، مراد علی شاہ

391

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ دفاعی سازو سامان کی عالمی نمائش آئیڈیاز 2018ء کے انعقاد سے پاکستان کے تعلقات عالمی برادری سے مستحکم ہوں گے اور عالمی امن، استحکام اور توازن کو فروغ ملے گا۔

انہوں نے ان خیالات کااظہار 10 ویں دفاعی عالمی نمائش آئیڈیاز 2018ء کی تیسری اسٹیئرنگ کمیٹی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا جو وزیر اعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہوئی۔ ڈیفینس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن(DEPO) کے تحت آئیڈیاز 2018ء کا انعقاد 27 نومبر سے 30 نومبر تک کراچی ایکسپو سینٹر میں کیاجائے گا۔

تیسری اسٹیئرنگ کمیٹی میٹنگ کے اجلاس میں نمائش کے حوالے سے جاری تیاریوں کا جائزہ لے کر انہیں مزید تیز تر کرنا تھا۔اجلاس میں حکومتی نمائندوں کی جانب سے صوبائی وزراء ، سعید غنی، سید سردار شاہ، چیف سیکریٹری، مرتضیٰ وہاب، میئر کراچی، ایڈیشنل آئی جی کراچی اور متعلقہ صوبائی سیکریٹریز شریک ہوئے۔آئیڈیاز 2018 سے متعلق شہر میں سڑکوں کی مرمت، صفائی ستھرائی اور خوبصورتی کیلیے وزیراعلیٰ سندھ نے خصوصی احکامات جاری کئے اور تیسری اسٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس میں انتظامات کی منظوری دی۔

اجلاس میں وفاقی وزارتوں سے تعلق رکھنے والے نمائندگان، حکومت سندھ کے افسران، مسلح افواج، امن وامان قائم کرنے والے ادارے اور پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ سال 2000ء سے آئیڈیاز کے انعقاد میں حکومتی اداروں، پاکستان کی مسلح افواج، امن و امان قائم کرنے والے اداروں، دفاعی مصنوعات کی صنعت، تجارتی تنظیموں اور کراچی کے عوام کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کے انعقاد میں حکومت سندھ اپنا ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی اور آئیڈیاز 2018ء کو کامیابی سے ہمکنار کیا جائے گا۔

اس موقع پر ڈی جی (ڈیپو) میجر جنرل احمد محمود حیات، ہلال امتیاز (ملٹری) نے نمائش کے حوالے سے بتایا کہ 10 ویں عالمی دفاعی سازو سامان کی نمائش میں مزید دیگر اہم سرگرمیاں بھی شامل ہیں جس میں دنیا کی جدید ترین ٹیکنالوجی کے مظاہرے، عالمی سیمینار، بحری، زمینی اور فضائی حوالے سے کانفرنسز، پاکستان آرمی کی بری، بحری، اور فضائی افواج کی دہشت گردی کے سدباب کی صلاحیتوں کے مظاہرے اور تجارتی فروغ کے لیے بزنس ٹو بزنس مواقع کی فراہمی شامل ہیں۔

یہ قومی ایونٹ ہے جس میں 50 ممالک شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ 29 نومبر کو خصوصی طور پر کراچی کے شہریوں کے لیے سی ویو (نشان پاکستان) پر کراچی شو کا انعقاد بھی کیا جائے گا اور ایک کلچر شو بھی شامل ہے۔ اس اجلاس میں تمام حکومتی اداروں اور محکموں کی طرف سے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا گیا تاکہ اس نمائش کو کامیاب بنایا جاسکے۔