محکمہ صحت میں رشوت کا بازار گرم ہے،حکومت ڈاکٹروں کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہے
ڈاکٹروں کے مسائل نہ کئے گئے تو دمادم مست قلندر ہوگا، مظاہرے اور دھرنے دینگے، ڈاکٹر محمدعلی تھلہو
ڈاکٹروں بند تنخواہیں جاری جبکہ کنٹریکٹ ڈاکٹروں کومستقل کرنے کے آرڈز جاری کئے جائیں، اجلاس سے خطاب
کراچی:سندھ ڈاکٹرز اتحاد کی ایگزیکٹیو کمیٹی کا اجلاس سندھ ڈاکٹر اتحادکے صدر ڈاکٹرمحمد علی تھلہو کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں ڈاکٹر نثارشاہ، ڈاکٹر کمال انصاری ، ڈاکٹر شبیر میمن، ڈاکٹر تاج محمدزرداری، ڈاکٹرغلام علی قریشی، ڈاکٹر عبدالوحید شیخ ، ڈاکٹر ریاض جونیجو، ڈاکٹر مسعود مہر، ڈاکٹر محمد علی قریشی، ڈاکٹر زویا اقبال، ڈاکٹر طلعت سلطانہ، ڈاکٹر نوشین ، ڈاکٹر غلام فاطمہ سمیت دیگر نے شرکت کی ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر سندھ ڈاکٹر اتحاد ڈاکٹر محمد علی تھلہو نے کہا کہ سندھ حکومت ڈاکٹروں کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہوچکی ہے محکمہ صحت میں رشوت کا بازار گرم ہے
کوئی بھی جائز کام بھاری رشورت دیئے بغیرنہیں ہورہا ہے جس کے باعث ڈاکٹروں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے ۔اجلاس میں بتایاگیا کہ MNCH پر کام کرنے والی لیڈی ڈاکٹروں کی تنخواہیں گذشتہ ڈیڑھ سال سے بند ہیں کنٹریکٹ ڈاکٹروں کو مستقل کرنے کا بل اسمبلی سے پاس ہونے کے باوجود نوٹیفکیشن کے اجراء کیلئے بھاری رشوت طلب کی جارہی ہے ۔ پرموشنز کو روک کر پوسٹنگ اور تبادلوں پر بغیر پیسے لئے احکامات جاری کرنے پر غیر اعلانیہ پابندی عائد ہے۔ ڈاکٹر افشاں انجم کو رشوت نہ دینے پر اپنے بچوں کو چھوڑ کر بدین ڈیوٹی کرنے کے احکامات جاری کردیا گیا ہے ہم نے ڈاکٹروں کو درپیش مسائل کی تحریری شکایات اور گذارشات وزیراعلیٰ سندھ، وزیر صحت اور سیکریٹری صحت کو ارسال کیں مگر ڈاکٹروں کے مسائل کے حل کیلئے سندھ حکومت کے پاس وقت ہی نہیں ہے
جس کے باعث ڈاکٹروں میں شدید غم وغصہ پایا جاتا ہے ۔ اجلاس میں مزیدبتایا گیا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے پبلک پرائیوٹ سیکٹرز میں کام کرنے والی تمام این جی اوز کے فنڈز روک دیئے گئے ہیں جبکہ پیپلزپارٹی کی زیرنگرانی چلنے والی PPHIکو 4ارب روپے کی خطیر رقم جاری کرنے کی تیاری کی جارہی ہے جس سے محکمہ صحت کو بھاری کمیشن حاصل ہوگی جس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں ۔ اجلاس میں متفقہ طورپر فیصلہ کیاگیا کہ اگر رواں ماہ کے آخر تک ڈاکٹروں کے مسائل حل نہ کئے گئے تودما دم مست قلندر ہوگا اور کراچی سے احتجاجی مظاہرے و دھرنوں کا آغاز کیا جائے گا