


سرینگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران بدھ کو سرینگر میں 4 اور نوجوانوں کو شہید کردیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے ان نوجوانوں کو شہر کے علاقے فتح کدل میں تلاشی اور محاصرے کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا۔ قابض انتظامیہ نے کشمیر یونیورسٹی سمیت علاقے میں تمام اسکول اور کالجز بند کر دیے ہیں جبکہ سرینگر شہر میں موبائل انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بھارتی فورسز اہلکاروں نے سرینگر میں قائم مختلف خبر رساں اداروں سے وابستہ رپورٹروں اور فوٹو جرنلسٹوں کو سرینگر کے علاقے فتح کدل میں اس وقت تشدد کا نشانہ بنایا جب وہ قابض فورسز کی طرف علاقے میں جاری محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران پیشہ ورانہ فرائض انجام دے رہے تھے۔ تشدد کا نشانہ بننے والے ایک فوٹو جرنلسٹ کا کہنا ہے کہ ا سپیشل ٹاسک فورس، اسپیشل آپریشنز گروب کے ہلکاروں نے ڈنڈوں اور مکوں کے ذریعے ان پر سخت تشدد کیاجس کے نتیجے میں متعدد فوٹو جرنلسٹ زخمی ہو گئے۔ادھر شہر میں ایک حملے میں ایک بھارتی پولیس اہلکار ہلاک ا ورسینٹرل ریزورپولیس فورس کے تین اہلکار زخمی ہوگئے۔علاوہ ازیں حریت رہنما مسرت عالم کوسرینگر کی عدالت میں پیشی کے بعد واپس کوٹ بھلوال جیل منتقل کردیا گیا ہے۔مقبوضہ کشمیر میں سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمدیاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے قابض بھارتی فورسز کی طرف سے قتل عام اورجبر و استبداد کے دیگر بڑھتے ہوئے واقعات کے خلاف آج بروز جمعرات کو مقبوضہ علاقے میں مکمل ہڑتال کی کال دی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مشترکہ حریت قیادت کی طرف سے سرینگرمیں جاری ایک بیان میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں بدھ کے روز سرینگر کے علاقے فتح کدل میں نوجوان رئیس ،حبیب اللہ ، معراج دین اور فائد مشتاق کے قتل اور املاک کی تباہی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ کشمیریوں کے خلاف بھارتی مظالم میں دن بہ دن اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی آواز کو دبانے کے لیے بڑے پیمانے پر اوچھے ہتھکنڈے استعمال کیے جارہے ہیں۔