مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج نے حاملہ خاتون کو گولی مار کر شہید کردیا

407

سری نگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں قابض بھارتی فوج نے ضلع پلوامہ میں حاملہ خاتون کو گولیاں مار کر شہید کر دیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض فوجیوں نے ضلع کے علاقے شادی مرگ میں کیمپ پر نامعلوم افراد کے حملے کے بعد اندھا دھند گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں فردوسہ نامی خاتون شدید زخمی ہو گئی ،خاتون کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔ دوسری جانب بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے مقامی خبر رساں ایجنسی کے ساتھ وابستہ 3 صحافیوں کو
مظاہروں ،محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کی کوریج پر سرینگر کے علاقے نواب بازار میں سخت تشدد کا نشانہ بنایا اور بعد میں انہیں گاڑی میں ڈال کر ساتھ لے گئے۔یاد رہے کہ بھارتی فوج اور پولیس اہلکاروں نے چند روز قبل بھی سرینگر کے علاقے فتح کدل میں میڈیا نمائندوں اور فوٹو جرنلسٹوں کو محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران سخت مار پیٹ کا نشانہ بنایا تھا۔ ادھر سیدعلی گیلانی ،میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے بھارتی فوج کی جانب سے ضلع پلوامہ کے علاقے شادی مرگ میں ایک حاملہ خاتون کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔ مشترکہ بیان میں کہا کہ بھارت جموں وکشمیر پر اپنے غیر قانونی قبضے کو طول دینے اور کشمیریوں کی حق پر مبنی تحریک آزادی کو دبانے کے لیے ان پر بدترین مظالم ڈھا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کی قربانیوں کی وجہ سے تنازع کشمیر دنیا میں توجہ کا مرکز بن چکا ہے ۔انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق، حق خود ارادیت دلانے کے لیے آگے آئے۔