مزید 9 کشمیری شہید،آج مکمل ہڑتال ہوگی

549
سرینگر:بھارتی فوج کی جانب سے کیمیائی مواد کے حملے میں تباہ ہونے والے گھروں سے آگ کے شعلے بلند ہورہے ہیں۔دوسری تصاویر شہید اور زخمی ہونے والے نوجوانوں کی ہیں
سرینگر:بھارتی فوج کی جانب سے کیمیائی مواد کے حملے میں تباہ ہونے والے گھروں سے آگ کے شعلے بلند ہورہے ہیں۔دوسری تصاویر شہید اور زخمی ہونے والے نوجوانوں کی ہیں

سری نگر/اسلام آباد(خبرایجنسیاں+نمائندہ جسارت) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزید 9 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی درندگی کی شدید مذمت کرتے ہوئے آج مکمل ہڑتال کی کال دے دی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع کولگام کے علاقے لارو میں قابض افواج نے سرچ آپریشن کی آڑ میں چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے مکینوں کوزدوکوب کیا اور خواتین سے ناروا سلوک بھی کیا۔ چھاپہ مار کارروائی کے دوران قابض فوج نے 3 کشمیری نوجوانوں کو عسکریت پسند قرار دے کر شہید کردیا۔ بھارتی فوج نے آپریشن کے دوران بارود لگاکر ایک مکان کو تباہ بھی کردیااوراسی پر بس نہیں کیا بلکہ مکان کے ملبے میں بھی بم نصب کردیا۔ جب اہل علاقہ ملبہ سمیٹنے آئے تو وہ بم زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جس سے مزید 2 نوجوان شہید ہوگئے۔اس المناک واقعے پر ہر آنکھ اشکبار ہوگئی اور کشمیریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا۔ کشمیریوں کی بڑی تعداد گھروں سے نکل آئی اور ریاستی دہشت گردی کے خلاف احتجاج کیا۔قابض فوج نے احتجاج کو کچلنے کے لیے نہتے مظاہرین پر گولیاں برسادیں جس کے نتیجے میں مزید 4 نوجوان شہید اور متعدد مظاہرین زخمی ہوگئے۔ کٹھ پتلی انتظامیہ نے انٹرنیٹ اور موبائل سروسز بھی بند کردیں۔ علاوہ ازیں پلوامہ کے علاقے پٹن میں نامعلوم افراد نے بھارتی فوج پر دستی بم سے حملہ کیا جس سے 2 فوجی زخمی ہوگئے۔حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اوریاسین ملک نے فوجیوں کے ہاتھوں حاملہ خاتون کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔ مشترکہ مزاحمتی قیادت نے عالمی برادری سے پھر مطالبہ کیا ہے کہ وہ حق خودارادیت دلانے کے لیے کرداراداکرے۔ادھر پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کشمیر کی صورتحال پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضے کے لیے انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں کر رہا ہے‘اقوام متحدہ کشمیریوں کی ٹارگٹ کلنگ پر تحقیقاتی کمیشن قائم کرے ۔ اتوار کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیر میں طاقت کے ذریعے زیادہ دیر تک قابض نہیں رہ سکتا ‘ کشمیری آزادی سے کم کسی سمجھوتے کے لیے تیار نہیں ‘بھارتی طرز عمل نے ثابت کیا کہ وہ مذاکرات سے گریزاں ہے۔قبل ازیں ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے ردعمل میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم قابل تشویش ہیں‘اتوار کا دن کولگام کے حوالے سے خون آشوب ثابت ہوا ‘پلوامہ میں کرفیونافذ ہے، انٹرنیٹ سروس معطل ہے اورکشمیریوں کا قتل عام جاری ہے‘ عالمی برادری توجہ دے ۔