بھارتی قبضے سے آزادی کیلیے مسلح جدوجہد ناگزیر ہے‘ ریاض نائیکو

219

مظفرآباد (صباح نیوز) چیف آپریشنل کمانڈر حزب المجاہدین جموں و کشمیر محمد ریاض نائیکو نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر بھارت کا حصہ نہیں‘بھارت جموں و کشمیرمیں ہاری ہوئی جنگ لڑ رہا ہے‘ کشمیری نوجوانوں نے یہ بات محسوس کر لی ہے کہ بھارت کے فوجی قبضے سے آزادی کے لیے ریاست گیر مسلح جدوجہد کے علاوہ کوئی راستہ نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقبوضہ وادی سے مظفرآباد میں منعقدہ سالانہ تربیتی اجتماعسے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حزب کے سالانہ اجتماع سے امیر جماعت اسلامی آزاد جموں کشمیر ڈاکٹر خالد محمود، قاری مصیب الحق، محمد اعظم غازی، کمانڈر شمشیر خان نے بھی خطاب کیا۔ کمانڈر ریاض نائیکو نے کہا کہ ہماری بہنوں نے عصمتیں، بچوں اور جوانوں نے اپنی جانیں دے کر اس عظیم تحریک کو تقویت بخشی ہے‘ ہماری عظیم قوم نے بھارت کے تمام مکر و فریب سے صرف یہ سیکھا ہے کہ بھارت کے فوجی جبر، غرور اور رعونت کو ریاست گیر مسلح تحریک سے ہی توڑا جا سکتا ہے۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ دنیا بھر میں بھارت کے ظلم و جبر کے خلاف موثر آواز اٹھائے۔اس موقع پر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا کہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی عالمی برادری کے لیے لمحہ فکر ہیں‘ اقوام عالم مظلوم کشمیری عوام کے جائز مطالبے کی حمایت کرے۔