راولاکوٹ( نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے اعلان کیا ہے کہ جماعت اسلامی کے زیر اہتمام 26اکتوبر کو بھارتی مظالم اور مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے پورے آزادکشمیر، گلگت بلتستان میں مظاہرے کیے جائیں گے ،آج 24اکتوبر یوم تاسیس کا پیغام ہے کہ بیس کیمپ کی حکومت کشمیرکی آزادی کے لیے اپنا مطلوبہ کردار ادا کرے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہاکہ علما ،وکلا، دانشور اور سول سوسائٹی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو دنیاکے سامنے اجاگر کریں۔ انہوں نے کہاکہ مغرب کو ترکی میں ایک صحافی کا قتل تو نظر آگیا لیکن مقبوضہ کشمیر میں روزانہ بے گناہوں کی گرتی ہوئی لاشواور معروف صحافی شجاعت بخاری کی شہادت پر مغربی ممالک کی خاموشی قیام امن کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے ،کشمیریوں نے عالمی برادری کے کہنے پر 1947ء میں ہتھیار رکھے تھے ڈالے نہیں تھے اگر عالمی رویہ یہی رہا توکشمیری اپنے حق کے لیے ہتھیار دوبارہ اٹھا سکتے ہیں ۔