بھارتی طاقت کے استعما ل کے باوجودمقبوضہ کشمیر میں ڈھونگ انتخابات ناکام ہو گے، عبدالرشید ترابی

315

کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ ہندوستان نے تحریک آزادی کشمیر کچلنے کے لیے مظالم کے تمام سامراجی ریکارڈ توڑ دئیے ،ہندوستان مسئلہ کشمیر کا پرامن حل نہیں چاہتا وہ حالات کو جنگ کی طرف دھکیل رہا ہے ،کشمیری طلبہ اور طالبات کا ہندوستان کی جامعات میں تعلیم حاصل کرنا ناممکن ہو چکا ہے اسلامی ممالک کشمیری طلبہ و طالبات کو داخلے کے لیے اپنی جامعات کے دروازے کھولیں ،بھارتی آرمی آپریشن کے نام پر مظالم کی انتہا کررہی ہے ،ریاست کے مسلم تشخص ختم کر کے مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی سازش کی جارہی ہے ،طاقت کے استعما ل کے باوجود ڈھونگ انتخابات ناکام ہو گے عوام نے بائیکاٹ کیا 2فیصد ٹرن آوٹ کا بھی نہ ہونا بھارت کے خلاف ریفرنڈ م ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے یوم تاسیس کے موقع پر آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی مظفرآباد میں سیمینار سے خطاب اور نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،عبدالرشید ترابی نے کہاکہ بی جے پی آر ایس ایس کے ایجنڈے پر عمل کررہی ہے 35Aختم کر کے مقبوضہ کشمیر میں ہندو بستیاں بسانے کی سازش کررہی ہے قائدین حریت کی کردار کشی کی جارہی ہے تا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کا اعتماد اپنے قائدین سے اٹھ جائے ،ہندوستان نے پرامن طریقے سے مسئلہ کشمیر حل کرنے سے انکار پر نوجوان مایوس ہو کر تحریک مزاحمت میں شامل ہورہے ہیں اس میں تمام طبقات پی ایچ ڈی سکالرز،پروفیسرز،اساتذہ عسکری تحریک کا حصہ بن رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی رپورٹ بڑی پیش رفت ہے کامیابی یہ ہے کہ یو این سیکرٹری جنرل نے تسلیم کیا ہے کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں انہوں نے وہ موقف اختیار کیا جو کشمیریوں کا موقف تھا حکومت پاکستان اس رپورٹ کو بنیاد بنا کر بھارت کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرے اور بھرپور سفارتی مہم منظم کرے ،برطانیہ ،یورپ،کینیڈا میں کشمیری عوامی سطح اور پارلیمنٹ کی سطح پراپنا کردار ادا کررہے ہیں لیکن حکومت کی سطح پر اس رپورٹ کی روشنی میں جو کردار ادا کیا جانا تھا اس میں شدید کمی محسوس کی جارہی ہے وزیر خارجہ نے اگرچہ کشمیریوں کی ترجمانی کا حق ادا کیا ہے لیکن اس کی بنیاد پر جامع پالیسی بننی چاہیے انہوں نے کہاکہ پاکستان کو مذاکرات کی درخواست نہیں کرنی چاہیے اور نہ ہی ان مذاکرات سے کچھ نتیجہ نکلے گا اقوام متحدہ او آئی سی اور عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں کے ذریعے بھارت پر دبائو ڈالا جائے کہ وہ کشمیریوں کو ان کا حق فراہم کرے۔