مظفرآباد (صباح نیوز)متحدہ جہاد کونسل جموں کشمیر کے چیئرمین سید صلاح الدین نے کہا ہے کہ27 اکتوبر تاریخ میں سیاہ ترین دن ہے جب بھارت نے جنت نظیر کشمیر پر قبضہ کیا تھا،پاکستان بھارت سے مذاکرات کی بھیک نہ مانگے بلکہ سیاسی، سفارتی اوراخلاقی تعاون سے آگے نکلے ،بحیثیت فریق مقبوضہ ریاست جموں کشمیر میں آزادی اورحق خودارادیت کیلیے بھارت کیخلاف برسر پیکار مجاہدین کی فوجی مددکرے، جموں کشمیرمربوط اور منظم مسلح جدوجہد سے ہی آزاد ہو گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی ایوان صحافت مظفرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ سید صلاح الدین کے ساتھ کشمیرمیں بھارتی قابض افواج کیخلاف عسکری محاز پر برسرپیکار تنظیموں کے اتحاد متحدہ جہادکونسل کے وائس چیئرمین کمانڈر محمدعثمان، سیکرٹری جنرل شیخ جمیل الرحمن،جمعیت المجاہدین کے امیرجنرل عبداللہ،جیش محمدکے کمانڈرمفتی محمداصغر،البرق مجاہدین کے امیرمحمدفاروق قریشی، حزب اسلامی کے امیرمسعودسرفراز، کشمیرلبریشن موؤمنٹ کے امیرالماس رضوان، تحریک جہاد جموں کشمیرکے امیرمحمد وسیم بیگ، حرکت جہاداسلامی کے امیرجان محمد،حرکت المجاہدین کے امیرمحمدفاروق کشمیری، لشکرطیبہ جموں کشمیر کے کمانڈر ڈاکٹر منظور، الفتح کے جاوید احمدسمیت دیگر عسکری کمانڈرز بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ،سلامتی کونسل اورعالمی اداروں کی مسئلہ کشمیرکے تئیں مجرمانہ سرد مہری،دہرامعیاربہت ہی مایوس کن اور باعث تشویش ہے، اب بھی وقت ہے کہ عالمی امن کے ضامن کشمیری عوام سے حق خودارادیت کا وعدہ پورا کریں۔ ہند نواز سیاسی جماعتیں ریاست کی وحدت، تشخص اور آزادی کے لیے قوم کا ساتھ دیں۔