لاہور(آئی این پی) یو تھ فورم فار کشمیرYFK کے زیر اہتمام یوم اقبالؒ ؒ کے موقع پر ایوان کشمیر لاہور میں کانفرنس کا انعقاد کیا گیاجس کا موضوع ’’علامہ اقبالؒ ؒ اور کشمیر‘‘تھا ،کانفرنس کی صدارت چیف آرگنائزر طارق احسان غوری نے کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے طارق احسان غوری نے کہا کہ علامہ اقبالؒ نے مسلم اکثریتی علاقوں بشمول کشمیر پر مشتمل ایک اسلامی فلاحی ریاست کا تصور پیش کیا جہاں مسلمان اپنے مذہب،کلچر اور رسوم و رواج کے مطابق آزاد زندگی گزار سکیں ،افسوس کہ مسلمانوں کے ازلی دشمن بھارت نے ناصرف قیام پاکستان کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کیں بلکہ فوجی طاقت کے بل بوتے پر کشمیر پر غاصبانہ قبضہ جما کر جنوبی ایشیا میں جنگ اور بد امنی کی فضا پیدا کر دی۔قائد اعظم محمد علی جناحؒ نے بھی کشمیر کو پاکستان کی شہہ رگ قرار دیا تھا ،لہٰذا آج یوم اقبالؒ مناتے ہوئے ہمیں عہد کرنا چاہیئے کہ ہم کشمیر کو آزاد کر کے تکمیل پاکستان کریں گے تاکہ مصور پاکستان نے جس پاکستان کا خواب دیکھا تھا اس کی تکمیل ہو سکے ہم عالمی سطح پر کشمیریوں کی آواز پہنچاتے رہیں گے۔ کانفرنس سے عدنان بٹ ، حافظ عتیق ،سلیمان حمید،عاصم مقبول اور ڈاکٹر رابعہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر علامہ اقبالؒ کو کشمیر کے ساتھ بے پناہ جذباتی اورروحانی وابستگی تھی علامہ اقبالؒ کے بزرگوں کا تعلق خطہ کشمیر سے تھا جس پر علامہ اقبالؒ کو بہت ناز تھا، ان کی شیریانوں میں دوڑنے والا خون کشمیر کے شفق فام چناروں کی طرح سرخ ہے۔کشمیر میں جاری جدو جہدآزادی کی تحریک کے برسرپیکار نوجوانوں کو تحریک کی کامیابی اوردرست سمت کی تعین کے لیے علامہ اقبالؒ کے افکار وخیالات کو اپنانا ہوگا۔ ’’اقبالؒ بنیادی طور پر آزادی فکر کے شاعر ہیں جنہوں نے اپنی انقلابی شاعری کے ذریعے ظلم وجبر کا شکار انسانوں کے دلوں کے اندر آزادی کی شمع روشن کی۔اقبالؒ کا نظریہ تھا کہ غلامی انسان کو اندر سے کھوکھلا کردیتی اوراس کی سوچ وفکر کو محدود کر دیتی ہے۔علامہ اقبالؒ نے 1932ء میں اپنے ایک مشہور خطبہ میں مسلمانا ن کشمیر کو ان قوتوں کی سازشوں سے خبردار کردیا تھا جو کشمیریوں کے اندر انتشار وافتراق پیداکرناچاہتے ہیں۔