مزید 6 کشمیری شہید ،انٹرنیٹ اور ٹوئٹر بھی بند 

173

سری نگر ، جنیوا(مانیٹرنگ ڈیسک+خبر ایجنسیاں) مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے فائرنگ کرکے مزید 6 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا ،مقبوضہ وادی کے عوام نے احتجاج جاری ر کھا ہوا ہے جب کہ وادی میں انٹرنیٹ سروس اورٹوئٹراکاؤنٹس بھی بند کردیے گئے ہیں، جس کا اقوام متحدہ نے نوٹس لیتے ہوئے وضاحت طلب کر لی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ کے ترال قصبے میں بھارتی فوج نے ہفتے کو ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں 6 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا ہے،بھارتی فورسز کی بھاری نفری نے ہفتے کی صبح ترال قصبے کے آرم پورہ نامی گاؤں کا محاصرہ کیا، اس دوران قابض بھارتی فوج نے قصبے میں نام نہاد آپریشن کی آڑ میں6کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔شہید ہونے والوں میں محمد صالح اخوان،راسق میر، رؤف میر ،عمر رمضان ،ندیم صوفی اورفیصل جاوید کھانڈے شامل ہیں،یہ نوجوان اونتی پروہ، ڈاڈ سرا اور بٹگنڈ کے ر ہائشی تھے۔ شہید نوجوان محمدصالح کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی، صالح کو ان کے آبائی قبرستان میں بھارت مخالف ، آزادی اور اسلام کے حق میں نعروں کی گونج میں سپرد خاک کیا گیا۔6 کشمیری نوجوانوں کی شہادت کی اطلاع پر پلوامہ کے کئی علاقوں میں زبر دست احتجاجی مظاہرے اور مشتعل نوجوانوں اور فورسز کے درمیان جھڑپیں شروع ہوگئیں ، نوجوانوں نے فورسزپرپتھراؤکیا،جس کے جواب میں فورسزنے مظاہرین پر ٹیر گیس کے گولے داغے اور ہوائی فائرنگ بھی کی جب کہ پلوامہ ضلع میں ٹرین سروس معطل اور انٹرنیٹ سروس کے ساتھ ساتھ ٹوئٹراکاؤنٹس بھی بند کردیے گئے۔علاوہ ازیں انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ضلع پلوامہ میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہریوں کے قتل عام کی آزادانہ اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کے خصوصی رپورٹر ڈیوڈ کیائی نے تحریک آزادی کشمیر اور خصوصاً مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف ٹویٹ کرنے پر صارفین کے ٹویٹر اکاؤنٹس بلاک کرنے اور ٹویٹس ڈیلیٹ کرنے پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی ہدایت پر ٹویٹر کے سی ای او کو خط لکھ دیا ہے۔خصوصی ذرائع کے مطابق خط میں لکھا ہے کہ ٹویٹر وضاحت کرے کہ صارفین کی ٹویٹس کس وجہ اور کس حیثیت میں ڈیلیٹ کی جاتی ہیں اظہار رائے کی آزادی کے عالمی قانون کے مطابق ہر شخص کو اپنی بات کرنے کی اجازت ہے تو ٹویٹر کشمیری یا پاکستانی ٹویٹر صارفین کے اکاؤنٹس کیوں بلاک کرتی ہے۔خط میں لکھا ہے کہ ٹویٹر سے متعلق صارفین کی شکایات اقوام متحدہ تک پہنچی ہیں جس کے مطابق ٹویٹر کشمیر سے متعلق پوسٹس کو نہ صرف ڈیلیٹ کرتا ہے بلکہ صارف کا اکاؤنٹ بھی بلاک کردیا جاتا ہے۔ کیائی نے ٹویٹر سے پوچھا ہے کہ بھارتی حکومت کے اعلیٰ عہدیداران نے کشمیر سے متعلق مواد کو روکنے اور کشمیر کے ٹویٹرہنڈل کو بند کرنے کے بارے میں مکمل تفصیلات فراہم اگر کی ہیں تو اس بارے میں آگاہ کیا جائے۔ ادھر حریت رہنماؤں میرواعظ عمر فاروق،مختار وازہ،غلام محمد صفی،جماعت اسلامی آزادکشمیرکے مرکزی نائب امیر شیخ عقیل الرحمن، سابق امیر و ر کن اسمبلی عبدالرشید ترابی و دیگر نے اقوام متحدہ کی جانب سے ٹویٹر انتظامیہ کو خط لکھنے کا خیرمقدم کیا ہے۔