راولاکوٹ( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیرکے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاہے کہ بھارت یوم جمہوریہ کے نام پر دنیا کو گمراہ کررہا ہے ،بھارت درجن سے زائد اقلیتوں کو پیدائشی اور جمہوری حقوق فراہم کرنے سے انکاری ہے جو اقوام متحدہ کے چارٹر کے منافی ہے ،کشمیریوں کو حق خودارادیت سے محروم رکھنا ظلم کی انتہا اور جمہوری کی نفی ہے ،عالمی برادری بھارت میں اقلیتوں خاص کر کشمیر میں کشمیریوں کو جمہوری حق دلائے ،کشمیری دنیا بھر میں بھارت کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کریں گے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کو حق مانگنے کی پاداش میں قابض بھارتی افواج لاشوں کے ڈھیر لگا رہی ہے 1947ء سے آج تک 5لاکھ سے زائد کشمیریوں کو شہید کر چکی ہے لاکھوں زخمی ہیں،ہزاروں ٹارچر سیلوں میں قید ہیں،ہزاروں لاپتا ہیں ،گمنام قبروں کا انکشافات ہوئے رہے ہیں ایسے میں بھارت یوم جمہوریہ کا ڈراما کر کے دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونک رہا ہے ،انسانوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے ادارے اقوام متحدہ سلامتی کونسل اپنے وعدے کے مطابق کشمیریوں کو ان کا بنیادی اور پیدائشی حق دلائیں تا کہ کشمیری اپنے مستقبل کا اپنی مرضی سے فیصلہ کر سکیں ،بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہا ہے اسی طرح بھارت کے اندر اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک روا رکھے ہوئے ہے بھارت کے اندر کوئی بھی اقلیت برہمن سامراج کے ظلم سے محفوظ نہیں ہے ۔