حریت قیادت نے مودی کے دورہ کشمیر پر ہڑتال کی کال دیدی

131

سری نگر(اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں سید علی گیلانی ،میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے 3فروری بروز اتوار کو نریندر مودی کے مقبوضہ علاقے کے دورے کے موقع پر مکمل ہڑتال کی کال دیتے ہوئے کہا کہ2014ء میں جب نریندر مودی نے حکومت سنبھالی تو کشمیریوں کو زیر کرنے کے لیے روز اوّل سے ہی بے انتہا مظالم کا سلسلہ شروع کردیا۔انہوں نے کہا کہ کبھی پنڈتوں کے لیے اسرائیلی طرز کی بستیاں تعمیر کرنے، کبھی سابق فوجیوں کو کشمیر میں بسانے اور کبھی غیر ریاستی باشندوں کو جموں کشمیر کا مستقل باشندہ بنانے کے مذموم منصوبے سامنے لائے گئے اور جب کشمیریوں نے اپنی مثالی مزاحمت سے ان جابرانہ اقدامات کا راستہ روکا تو قتل و غارت ، قید و بند اور دیگر جابرانہ اقدامات کا انتہائی وحشیانہ سلسلہ شروع کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ چیرہ دستیوں کا یہ سلسلہ مسلسل جاری ہے اور گزشتہ 5برس کے دوران سیکڑوں کشمیریوں کو شہید کیا گیا جبکہ اسکے ساتھ ساتھ بھارتی تحقیقاتی اداروں این آئی اے ، اینفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور دیگر کو بھی کشمیریوں کے پیچھے لگایا گیا اورکئی حریت رہنماؤں سمیت بڑی تعداد میں کشمیریوں کو تہاڑ ،بنگال اور پنجاب کی جیلوں میں جھوٹے مقدمات میں نظر بند کیاگیاجبکہ کشمیریوں کی اقتصادیات کو تباہ کرنے کے لیے نہ صرف جی ایس ٹی جیسے ظالمانہ ٹیکس قوانین کو نافذ کیا گیا ۔انہوں نے کشمیریوں سے اپیل کی کہ وہ 3فروری کو مکمل ، ہمہ گیر اور بھر پور ہڑتال کر کے نریندر مودی کے ساتھ ساتھ عالمی برادری پر بھی واضح کریں کہ وہ اپنے پیدائشی حق، حق خود ارادیت کی جدوجہد کو ہر حال میں جاری رکھیں گے۔دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کے قصبے اسلام آباد میں بھارتی پولیس کے قافلے پر گرنیڈ حملے میں 2اہلکاروں سمیت 7افراد زخمی ہوگئے ۔حملے کے بعد بھارتی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کرکے تلاشی آپریشن شروع کردیا۔