مقبوضہ کشمیر،مقبول بٹ کی برسی پر مکمل ہڑتال،احتجاجی مظاہرے،متعدد رہنماء گرفتار

92

سرینگر(اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں ممتاز کشمیری رہنما شہید محمد مقبول بٹ کی 35 ویں برسی پر پیر کو مکمل ہڑتال کی گئی۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ہڑتال کی کال سید علی گیلانی، میرواعظ عمرفاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے دی تھی۔ ہڑتال کے باعث مقبوضہ وادی میں تمام دکانیں اور کاروباری مراکزبند اور سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل رہی جبکہ انتظامیہ نے ٹرین سروس بھی معطل کردی۔ قابض انتظامیہ نے احتجاجی مارچ کو روکنے کے لیے سرینگر کے مختلف علاقوں میں کرفیو جیسی سخت پابندیاں عاید کی تھیں تاہم مظاہرین نے پابندیوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے لالچوک میں جمع ہوکر بھارت مخالف مظاہرے کیے ۔اس موقع پر بھارتی پولیس نے متعدد حریت رہنماؤں کو گرفتار کرلیا۔ مشترکہ حریت قیادت نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر میں شہید محمد مقبول بٹ اور شہید محمد افضل گورو کی قربانیاں تحریک مزاحمت کی تاریخ میں ایک شاندار باب ہے۔