مقبوضہ کشمیر میں کار بم دھماکے میں 42 بھارتی فوجی ہلاک

231

مقبوضہ کشمیر میں زوردار کار بم دھماکے میں 42 بھارتی فوجی ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔بھارتی حکام کے مطابق ضلع پلوامہ کے علاقے آونتی پورہ میں خود کش حملہ کیا گیا جو بارود سے بھری کار کے ذریعے کیا گیا جس میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 42 ہوگئی ہے۔

آئی جی سی آر پی ایف ذوالفقار حسن کا کہنا ہے کہ 70 گاڑیوں پر مشتمل قافلے کو نشانہ بنایا گیا جس میں 2 گاڑیاں دھماکے کی زد میں آئیں، قافلے میں مجموعی طور پر 2500 اہلکار شامل تھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سری نگر جموں شاہراہ پر سیکیورٹی اہلکاروں کی بسیں آونتی پورہ سے گزر رہی تھیں کہ حملہ آور نے بارود سے بھری کار بھارتی فوج کے قافلے سے ٹکرا کر اڑا دی، جس کے نتیجے میں 12 بھارتی فوجی موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جب کہ درجنوں زخمی ہوئے۔ انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے مزید 30 فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے۔

بھارتی حکام کے مطابق متعدد اہلکاروں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا امکان ہے۔ دھماکے کے بعد ضلع پلوامہ میں کرفیو نافذ کردیا گیا ہے اور سرچ آپریشن جاری ہے۔