مقبوضہ کشمیر:آبادی کا تناسب بگاڑنے کیخلاف مکمل ہڑتال مزید 2 کشمیری شہید

76

سری نگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی آئین کی دفعات 35

Aاور370کی منسوخی کے ذریعے مقبوضہ علاقے میں آبادی کا تناسب بگاڑنے کی بھارتی سازش کے خلاف بدھ کو مکمل ہڑتال کی گئی جبکہ قابض فورسز کے ہاتھوں مزید 2نوجوان شہید کردیے گئے ۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ہڑتال کی کال سید علی گیلانی ،میرواعظ عمرفاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے دی ہے جبکہ جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر، کشمیر سینٹر فار سوشل اینڈ ڈیولپمنٹ اسٹڈیز اور کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سمیت متعد سیاسی جماعتوں اور دیگر تنظیموں نے ہڑتال کی حمایت کی ہے، تمام دکانیں اور تجارتی مراکز بند جبکہ بیشتر سڑکوں پر ٹریفک معطل رہی۔ مقبوضہ وادی میں بھارتی فورسز کی بھاری تعداد کو تعینات کیاگیا تھا۔ ادھربھارتی فوج نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران بدھ کو ضلع بڈگام میں 2 اورکشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔ فوجیوں نے نوجوانوں کو ضلع کے علاقے چاڈورہ میں تلاشی اور محاصرے کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا۔ شہید نوجوانوں کی شناخت ہلال احمد اور شعیب احمد کے طورپر ہوئی ہے۔ضلع پلوامہ کے علاقے کاکہ پورہ میں ایک اسکول کے اندر پراسرار دھماکے سے 28طالب علم زخمی ہوگئے ہیں جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک ہے ۔ واقعے کے خلاف علاقے کے لوگوں نے زبردست مظاہرے کیے۔ بھارتی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے بعد مظاہرین اور فورسز اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ علاوہ ازیں بھارتی پولیس نے جموں وکشمیر سالویشن موومنٹ کے چیئرمین ظفر اکبربٹ کو سری نگر کے نواحی علاقے نوگام کے دورے کے دوران گرفتار کرلیا ہے ۔