سرینگر/نئی دہلی(خبرایجنسیاں+مانیٹرنگ ڈیسک)مقبوضہ کشمیر میں بڑی کارروائی کے نتیجے میں44 بھارتی فوجی ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ واقعہ ضلع پلوامہ میں سری نگر جموں ہائی وے پر لٹھ پورا کے مقام پر پیش آیاجہاں فوجی قافلے کو نشانہ بنایا گیا۔ سیکورٹی حکام کے مطابق 70 گاڑیوں پر مشتمل قافلے میں 2547 اہلکار سوار تھے۔حملہ آور نے بارود سے بھری کار قافلے سے ٹکرادی‘کئی گاڑیاں دھماکے کی زد میں آکرمکمل طورپرتباہ ہوگئیں ۔دھماکے کے بعد قافلے پر فائرنگ بھی کی گئی۔بھارتی حکام کے مطابق ہلاکتوں میں اضافے کا امکان ہے۔ دھماکے کے بعد ضلع پلوامہ میں کرفیو نافذ کرکے سرچ آپریشن کیا گیا۔ علاوہ ازیں کشمیرمیں بھارتی فوج کے ایک اور اہلکار سندیپ نے جموں شہر میں دوران ڈیوٹی خودکشی کرلی ہے۔ اس واقعے کے بعد جنوری 2007ء سے اب تک وادی میں خودکشی کرنے والے فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی تعداد 422ہو گئی ہے۔دوسری جانب بھارتی وزیر اعظم نریندرمودی نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے سخت تشویش کا اظہار کیا ۔ انہوں نے قومی سلامتی کے مشیر ‘وزیرداخلہ اور دیگر اعلیٰ حکام کو یکے بعد دیگرے فون کیے اورفوری رپورٹ طلب کی۔ بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے تمام سیاسی سرگرمیاں منسوخ کردیں‘ امکان ہے کہ وہ آج مقبوضہ کشمیر کا دورہ کرکے صورتحا ل کا جائزہ لیں گے۔ادھر آل انڈیا کانگر یس کی سر پرست اعلیٰ سونیا گاندھی نے پارلیمانی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی غلط پالیسیوں کے باعث جموں وکشمیر کے حالات انتہا ئی ابتر ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ مودی نے کشمیر میں ڈرا نے اور دھمکانے کی پالیسی اختیا ر کی، آ ئین اور ایجنسیوں کو خطرے میں ڈال دیا۔