کشمیری مسلمانوں پر حملوں کی مذمت‘حکومت خاموش تماشا ئی بن گئی‘علی گیلانی

106

سری نگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چےئرمین سید علی گیلانی نے جموں میں کشمیریوں اور مسلمانوں پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نے فوج کو کھلی چھوٹ دے کر نہتے کشمیریوں کے خلاف اعلانِ جنگ کردیا ہے، بھارتی فوج کی جانب سے کشمیری نو جوانوں کی لاشوں پرجشن مناناافسوس ناک ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ان کا کہنا تھا کہ جموں کے مسلمانوں اور دربار مو کے سلسلے میں وہاں مقیم کشمیریوں کے خلاف طاقت کا استعمال گہری سازش کا حصہ ہے جس کے تحت یہاں بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کو ختم کرکے اقتدار حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں سے آنے والی خبریں نہ صرف تشویشناک بلکہ دل دہلانے والی ہیں۔انہوں نے کہا گاڑیوں سے چُن چُن کر کشمیریوں کو گھسیٹ کر ڈنڈوں اور کلہاڑیوں سے مارا جارہا ہے، اُن کی آنکھوں کے سامنے اُن کی گاڑیوں کو جلایا جارہا ہے اور گھروں اور سرکاری رہائش گاہوں پر پتھراؤ کیا جارہا ہے جبکہ جموں کی متعصب پولیس خاموش تماشائی بن کر اس طوفان بدتمیزی کا لُطف اٹھارہی ہے۔اس صورتحال کو بھارت کا کوئی خطہ، کوئی ریاست اور کوئی شہر کشمیریوں کو برداشت نہیں کرسکتا۔