مقبوضہ کشمیر: ہندو انتہا پسندوں کے مسلمانوں کی املاک پر حملے جاری

108

جموں/سری نگر(اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں ہندو انتہا پسندوں نے جموں کے قصبے پونچھ میں مسلمانوں کی کروڑوں روپے مالیت کی املاک نذرآتش ، توڑ پھوڑ اور لوٹ مار کی ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق قصبے میں یہ واقعات 15فروری کو رونما ہوئے تھے تاہم علاقے میں انٹرنیٹ کی معطلی کی وجہ سے ان کے بارے میں اطلاعات نہیں مل سکیں ۔ ہندو بلوائیوں نے مسلمانوں کی املاک کو نذر آتش کیا اور لوٹ مار کی ۔ عینی شاہدین کے مطابق ہندو بلوائیوں نے پونچھ قصبے کے علاقے محلہ اعلی پیرمیں اشتعال انگیز اور مسلمان مخالف نعرے بلند کرتے ہوئے املاک کو نقصان پہنچانے کے علاوہ ایک درجن کے قریب گاڑیوں کو بھی تباہ کردیا۔ بعض بلوائیوں کی املاک کو تباہ کرتے ہوئے مقامی افراد نے وڈیو بھی بنائی ہے تاہم مقامی افراد کا کہنا ہے کہ پولیس نے کسی کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی ہے اور کسی کو گرفتار نہیں کیا ہے۔دوسری جانب حریت قیادت نے کہاہے کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں ظالمانہ پالیسیوں اور سیاسی مخالفیں کی سرگرمیوں پر پابندیاں عاید کر کے جدوجہد آزادی کشمیر کو کمزور نہیں کر سکتا ۔سیدعلی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل حریت قیادت نے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں بھارت پر واضح کیاکہ عوامی تحاریک کو فوجی مظالم ، پولیس کے تشدد اور قتل عام کے ذریعے شکست نہیں دی جاسکتی ۔ حریت قائدین نے بھارت کے غیر قانونی تسلط کے خلاف اپنی جدوجہد آزادی پر امن اورسیاسی طورپر جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ہندو انتہا پسندوں کے گروپوں نے پونچھ میں مسلمانوں کی کروڑوں روپے مالیت کی املاک کو نقصان پہنچایا ہے ۔ ہندوبلوائیوں نے مسلمان مخالف اشتعال انگیزنعرے لگائے اور دیگر املاک کے علاوہ نجی گاڑیوں کو تباہ کر دیا۔