جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیرپرپابندی ڈیموگرافی بدلنے کیلیے لگائی گئی‘ترابی

132

مظفرآباد (صباح نیوز) کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل، ممبر قانو ن ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر نے 70 سال کے دوران تعلیمی، سماجی اور سیاسی سطح پر حق خودارادیت کو زندہ رکھنے میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں ‘ جماعت اسلامی نے شیخ عبداللہ کا مقابلہ کیا‘جماعت اسلامی کے اداروں کی خدمات کے ہم متحرف ہیں‘ آر ایس ایس کا طویل عرصے سے ایجنڈا تھا جس کے لیے گورنر راج نافذ کیا گیا تاکہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کی جا سکیجس میں بڑی رکاوٹ جماعت اسلامی ہے اس لیے منصوبہ بندی کے تحت جماعت اسلامی پرپابندی عاید کی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عبدالرشید ترابی نے کہا کہ نریندر مودی دوسرا ہٹلر بن چکا ہے‘ پاکستان کی جانب سے خیر سگالی کے اقدامات کے باوجود خطے کو جنگ کی طرف دھکیلنا چاہتا ہے‘ اقوا م متحدہ اور عالمی برادری اپنی ذمے داریاں پوری کریں اور بھارت پر دباؤ ڈالا جائے کہ وہ کشمیریوں کو ان کا حق دے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی بھارت کے جبر وتشدد کے باوجود آگے بڑھ رہی ہے‘ نوجوانوں کے ہیرو برہان وانی شہید اور عادل ڈار ہیں‘ نوجوان بھارتی تھکنڈوں کے خلاف اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے حق مزاحمت کو اقوا م متحدہ کا چارٹر تسلیم کرتا ہے‘ دنیا کی آزادی کی تحریکیں سفارتی، سیاسی اور عسکری حمایت سے آگے بڑھتی ہیں‘ کشمیری بھارتی فوجی قبضے کے خاتمے کے لیے سیاسی، سفارتی اور عسکری جدوجہد کر رہے ہیں‘ ان کی ہر سطح پر مدد کی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری تنہا نہیں ہیں پوری قوم، مسلم امہ اور زندہ ضمیر شخصیات کشمیریوں کی پشت پر ہیں‘ او آئی سی کے اجلاس میں بھارت کی وزیر خارجہ کو مدعو کرنے کی ہم مذمت کرتے ہیں‘ پاکستان کی عدم موجودگی کے باوجود کشمیریوں کے حق خودارادیت کی قرارداد منظور ہونا خوش آئند ہے‘ وزیر اعظم پاکستان عمران خان اہم دارلحکومتوں کا دور کریں اور پارلیمانی وفود بھیجنے کا اہتمام کیا جائے۔