جنگ کا خطرہ ٹلا نہیں۔ کشیدگی ختم کرنے کے لئے مسئلہ کشمیر کا حل اہم ہے۔ آصف غفور

338
پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے آئی ایس پی آر کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور نے ایک انٹرویو میں  کہا کہ کشیدگی میں کمی ہوئی ہے تاہم ابھی بھی جنگ کا خطرہ موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لئے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جارحیت کی جس کا پاکستان نے جواب دیا۔ بھارتی جارحیت کے باعث دونوں ممالک جنگ کے قریب تھے۔
میجر جنرل آصف غفور کا مقبوضہ کشمیر سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بھارت میں نوجوانوں کو پیلٹ گن سے اندھا کیا جارہا ہے، جبکہ خواتین کے ساتھ بھی زیادتی کی جا رہی ہے۔ اگر کشمیریوں پر ایسے ہی ظلم جاری رہا تو اس کا ردعمل بھی آئے گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی بات میری ذاتی رائے نہیں بلکہ یو این رپورٹ ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارتی پائلٹ کو رہا کرکے پاکستان نے امن کا پیغام دیا۔ دوسروں پر الزام لگانے سے بہتر ہے بھارت اپنا گھر درست کرنے کے لیے اقدامات کرے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ لائن آف کنٹرول پر بھارت کی اشتعال انگیزی جاری ہے۔ پاکستان نہیں چاہتا کہ خطے کا امن متاثر ہو لیکن افواج پاکستان بھارتی جارحیت کا جواب دینے کے لئے تیارہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ  پلوامہ حملے میں پاکستان کا کوئی ہاتھ نہیں تھا۔ لیکن اس کے باوجود وزیراعظم نے تحقیقات کی پیشکش کی۔ جبکہ بھارت کی جانب سے اب ڈوزیئر ملا اور اس پر تحقیقات جاری ہیں۔