سعودی حکومت پاکستانی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،نواف بن سعید المالکی

475
سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کوئٹہ میں زلزلہ متاثرین کو گرانٹ دیتے ہوئے۔
پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی کا کہنا ہے کہ مشکل حالات میں سعودی حکومت پاکستانی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں
سعودی عرب سفارتخانے کے مطابق پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال سے کوئٹہ میں ملاقات کی جس کے دوران بلوچستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع اور سرمایہ کاری کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پاک سعودی برادرانہ تعلقات کے وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہونے پر مکمل اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سعودی سفیر نے کہا کہ خادم الحرمین الشریفین اور سعودی حکومت تمام مشکل حالات اور کڑے وقت میں پاکستانی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور پاکستان کو ہمیشہ سعودی عرب کا تعاون حاصل رہے گا۔
وزیر اعلی بلوچستان نے اس موقع پر مختلف شعبوں میں سعودی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا اور سعودی سفیر کو سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے حکومت کی پالیسی سرمایہ کاری کو دی جانے والی سہولیات سے آگاہ کیا۔
اس دوران سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے آواران اور تربت کے علاقے ڈھنڈار میں 2013 میں آنے والے زلزلے کے متاثرین کے لیے سعودی عطیات سے گھروں کی تعمیر کے منصوبے کے تحت زلزلہ متاثرین میں چیک تقسیم کئے۔
وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان اور صوبائی وزرا میز ضیاء لانگو، سردارعبدالرحمن کیتھران، میر نصیب اللہ مری اور امیر محمد خان لہڑی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کی جانب سے زلزلہ متاثرین کے لیے آٹھ ہزار مکانات کی تعمیر کے لئے ڈھائی ارب روپے، بنیادی ڈھانچہ کی تعمیر نو کے لئے 105 ملین روپے اور متاثرہ علاقوں میں لوگوں کے روزگار کی بحالی کے لئے 155ملین روپے کی خطیر گرانٹ مختص کی گئی ہے،جس میں شمسی توانائی کی یونٹ کی تنصیب بھی شامل ہے۔ روزگار کی بحالی دیگر کے تحت لائیوسٹاک اور زراعت کے شعبوں کو جدید خطوط پر استعمال کیا جائے گا اور علاقے کے عوام کو مختلف شعبوں میں فنی تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔
وزیر اعلی بلوچستان نے خطیر گرانٹ کی فراہمی پر سعودی عرب کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ بعدازاں وزیراعلی کی جانب سے سعودی سفیر کو ان کے دورہ بلوچستان کا یادگاری سووینئر پیش کیا ۔