حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)نجی بینک کے اکاؤنٹ ہولڈرز نے بینک کی انتظامیہ کے ناروا سلوک اور عدم تعاون کے خلاف پریس کلب کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے متعلقہ سے مطالبہ کیا کہ جے ایس بینک قاسم آباد کی انتظامیہ کے خلاف کارروائی کرکے ہماری رقم واپس دلائی جائے اور بینک کے عملے کی جانب سے کیے جانے والے فراڈ کی تحقیقات کی جائے۔ اس موقع پر سینئر صحافی ظہیر میرانی، سرمد سہارن، حاکم لغاری، نجم جونیجو عوامی جمہوری پارٹی کی رہنما نذیر قریشی ودیگر بھی مظاہرین میں شریک تھیں۔ متاثرہ اکاؤنٹ ہولڈرز اللہ بخش نے بتایا کہ جے ایس بینک قاسم آباد برانچ میں سیونگ اکاؤنٹ کھلواکر اس میں فکسڈ ڈپازٹ کے طور پر تین لاکھ روپے رکھوائے تھے، جب میں دو سال کے بعد بینک گیا تو معلوم ہوا کہ میری رقم ای پارٹی اے ایف یو کے اکاؤنٹ میں منتقل ہوگئی ہے جبکہ میں نے مذکورہ پارٹی کو نہ کوئی چیک دیا نہ ہی ڈرافٹ یا پے آرڈر وغیرہ جبکہ بینک انتظامیہ میرے ساتھ سراسر فراڈ کررہی ہے۔ بینک انتظامیہ نے اب تک مسئلے کو حل نہیں کیا جس کی وجہ سے میں شدید ذہنی پریشانی سے دوچار ہوں۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ معاملے کا فی الفور نوٹس لے کر تحقیقات کرائی جائے۔ فراڈ میں ملوث عملے کے افراد کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے اور میری رقم واپس دلائی جائے۔