کراچی(اسٹا ف رپورٹر)کراچی پریس کلب میں بیرون ملک سے آئے مسیحی رہنماؤں کے اعزاز میں مکھانی فاؤنڈیشن کے زیراہتمام استقبالیہ دیا گیا، جس میں امریکا، برطانیہ، سویڈن، کروشیا،قازقستان، ملائیشیا اور چین سے مسیحی رہنما شریک ہوئے۔
تقریب میں میئرکراچی وسیم اختر، مکھانی فاؤنڈیشن کے سربراہ امیرمکھانی،پیپلزپارٹی کے سینیٹرانورلال دین، تحریک انصاف کی ایم پی اے سدرہ عمران، پاسٹرسلیمان منظور، سکھ رہنما رمیش سنگھ،سماجی کارکن فیصل ایدھی،سینئرصحافی اے ایچ خانزادہ،صدرکراچی پریس کلب امتیازخان فاران،سیکریٹری کراچی پریس کلب ارمان صابر، سارہ بانو،ماریہ میمن، رافا مشن انٹرنیشنل اور آل پاکستان کرسچین کونسل کے نمائندوں نے شرکت کی،
مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں امن وامان قائم اور اقلیتیں مکمل تحفظ کے ساتھ زندگی بسر کررہی ہیں، مغربی میڈیا میں غلط تاثرقائم کیا گیا ہے۔ عیسائی،ہندو اور سکھ ہر شعبہ ہائے زندگی میں بڑھ چڑھ کر اپنانام روشن کر رہے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں کو کراچی پریس کلب اور مکھانی فاؤنڈیشن کی جانب سے اجرک اور یادگاری شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔