کراچی(رپورٹ:منیر عقیل انصاری)کراچی واٹر اینڈ سیو ریج بورڈ نے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر نئی مشینری 100 ایم جی ڈی پمپنگ اسٹیشن کے منصوبے کو 20نومبر سے قبل افتتاح کے حوالے سے معذوری ظاہر کردی ہے،
افتتاح کے بعد ایک ماہ تک پمپنگ مشینوں کو ٹر ئل بنیا د پر چلایا جائے گا،تاکہ مشین کی فنکشن کو اچھی طرح مانیٹر کیا جا سکے اس کے بعد ہی اس منصوبے کے زریعے شہر کراچی کو پانی کی سپلائی ممکن ہو سکے گی،
واضح رہے کے وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر قانون و ماحولیات اور ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے پندرہ نومبر کو اس منصوبے کا باضابطہ افتتاح کرنے کا دعوی کی تھا۔10دسمبر2016 کو وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے دھابیجی پر 100 ایم جی ڈی کے پمپنگ اسٹیشن کا سنگ بنیاد رکھ تھا۔منصوبے کے لئے1ارب62کروڑ روپے تخمینہ لگا یا تھا اور ا س منصوبے کو36مہینے میں مکمل کر نا تھا،
اس حوالے سے 100 ایم جی ڈی پمپنگ اسٹیشن کے پروجیکٹ ڈائریکٹر حسن اعجاز کاظمی نے جسارت سے خصو صی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پمپنگ اسٹیشن کا افتتاح 20 نومبر تک ہوسکے گا۔ اس کے بعد ایک ماہ کے لیے ہم پمپنگ مشینوں کو ٹرائل بنیاد پر چلائیں گے تا کہ پانی کو پمپ کرنے سے قبل اس کی تمام تکنیکی صلاحیت کو چیک کیا جاسکے،
با ضابطہ طور پر یہ پمپنگ اسٹیشن دسمبر کے آخر تک اپنا کام شروع کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے مکمل ہونے کے بعد ہمیں دیگر کام بھی کرنے ہیں جس میں سڑکیں، پلانٹیشن، بجلی کے پول، کیمرہ سمیت دیگر کام شامل ہیں،
انہوں نے کہا کہ میں اس منصوبے پر اکتوبر 2017ء میں آیا ہوں، اس منصوبے کو36 ماہ میں مکمل ہونا تھا جس پر ہم نے کوشش کی ہے کہ اپنی مقررہ مدت میں یہ منصوبہ مکمل ہو سکے تا کہ کراچی کے لوگوں کو اس سے فائدہ پہنچے سکے،انہوں نے کہا کہ بجلی کے بار بار کے بریک ڈاون سے بچنے کیلئے پمپنگ اسٹیشنوں پر لگی واٹر بورڈ کی مشینوں کو بچانے کے لیے اپنا سب اسٹیشن بھی تعمیر کر لیا ہے، اس منصوبے کی تکمیل سے شہر کو پانی کی ترسیل کے ساتھ ساتھ واٹربورڈ کے بلک نظام فراہمی آب میں بھی نمایاں بہتری آئے گی،
انہوں نے کہا کہ اس وقت کینجھر جھیل سے کراچی کے لئے 640 ملین گیلن یومیہ کا کوٹہ مختص ہے لیکن سسٹم میں کمی اور مشینوں کے پرانے ہونے کے باعث اس وقت وہاں سے 450 ایم جی ڈی پانی ہی شہر کو فراہم کیاجاتا ہے لیکن اب 100 ایم جی ڈی کے منصوبے کے تحت نئی مشینوں کی تنصیب سے 550 ایم جی ڈی تک پہنچ جائے گا،
انہوں نے کہا کہ اس منصوبہ کیلئے تمام مشینری اور ضروری سامان مختلف ممالک سے لایا گیا ہے اورمشینوں کی تنصیب کا کام مکمل ہو گیا ہے،انہوں نے کہا کہ 1960میں دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پرپمپنگ مشینیں لگائی گئی تھی اور یہ ڈیزل سے چلتی تھیں اور اس کی کل تعداد اٹھارہ تھے، جو بڑھ کر اڑتیس ہوگئی ہیں اور یہ تمام پمپنگ مشینیں بجلی سے چلے گی،
واضح رہے کے5نومبر بروز منگل وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر قانون و ماحولیات اور ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے سندھ اسمبلی بلڈنگ کے میڈیا کارنر پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے دعوی کیا تھا کے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر نئی مشینری نصب کردی گئی ہیں اور پندرہ نومبر کو اس منصوبے کا باضابطہ افتتاح کیا جائیگا۔