آئی این ٹی بی اے یو کے زیر اہتمام 15تا 17نومبر،پہلی بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا

221

کراچی(اسٹا ف رپورٹر)انٹرنیشنل نیٹ ورک فار ٹریڈیشنل بلڈنگ‘ آرکیٹیکچر اینڈ اربن کے زیر اہتمام 15تا 17نومبر تک پہلی بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔یہ کانفرنس دو دن مکلی میں جبکہ ایک دن کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقد کی جائے گی۔ مکلی میں منعقدہ کانفرنس کاعنوان ارتھ اینڈ ہیریٹیج کالنگ‘اے کیس آف مکلی اینڈ کراچی منتخب کیا گیا ہے،

کانفرنس میں برطانیہ‘ امریکہ‘ ملائیشیا‘ پولینڈ‘ چین‘آسٹریلیا‘ ایران‘ جنوبی افریقہ اور اسپین سمیت دنیا بھر سے لگ بھگ 30 غیر ملکی مندوبین اور پانچ غیر ملکی طلباء کی شرکت متوقع ہے جبکہ تقریباً 250 قومی مندوبین اور طلباء کراچی‘ حیدرآباد‘ عمرکوٹ‘ لاہور‘ پشاور اور اسلام آباد سے کانفرنس میں شریک ہوں گے،

ان خیالات کا اظہار آئی این ٹی بی اے یو پاکستان کی جوائنٹ سیکرٹری اور اسٹار لنکس کی چیف آپریٹنگ آفیسر شہناز رمزی نے منگل کوکراچی پریس کلب میں پریس کا نفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقعے پربانی چیئرپرسن یاسمین لاری، ممبر ایگزیکٹو کمیٹی ہادی رضوی،اعزازی خزانچی سعدیہ فاضلی، مراد جمیل‘ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران خدیجہ جمال اور طارق قیصر سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا،شہناز رمزی نے کہا کہ بین الاقوامی کانفرنس گرین سسٹین ایبل آرکیٹیکچر پر توجہ دے گی اور اسے کراچی کے تاریخی فن تعمیر اور ملائشیا کے نوآبادیاتی فن تعمیر کے ساتھ منسلک کی جائے گی۔کانفرنس کے انعقاد میں بین الاقوامی آئی این ٹی بی اے یوکے علاوہ آئی این ٹی بی اے یوپاکستان‘ بین الاقوامی تنظیم ورلڈ ہیبی ٹیٹ ایوارڈز اور کامن ویلتھ ہیبی ٹیٹ فورم کا تعاون شامل ہے،

یہ کانفرنس آرکیٹکچر اور ماہرین کی سب سے نمایاں تقریب ثابت ہوگی، یاسمین لاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانفرنس کی افتتاحی تقریب مکلی ورلڈ ہیریٹیج (ٹھٹھہ) کے قریب زیرو کاربن کلچرل سینٹر میں منعقد ہوگی۔اس سیشن میں ہیریٹیج فاؤنڈیشن آف پاکستان کو ان کے پاکستان چولہا کے لئے انہیں ورلڈ ہیبی ٹیٹ ایوارڈ 2018 پیش کیا جائے گا جبکہ ساٹھ ہزار سے زائد پسماندہ خواتین کی ترقی کے سفر کا جشن بھی منایا جائے گا،

کانفرنس کے دوران پرنس اینڈ پرنس آف ویلز وِل کے تعاون سے ارتھ اینڈ بمبو آئی این ٹی بی اے یو ٹریننگ اینڈ ریسورس سینٹر کا افتتاح کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے فن تعمیرات کے بین الاقوامی ماہرین اور طلباء پر مشتمل تین انتہا ئی اہم سیشنز کا انعقاد کیا جائے گا جس میں لیکچرز اور کاریگر وں کے ہاتھوں سے کئے جانے والے کاموں کے حوالے سے اہم نکات زیر بحث آئیں گے جب کہ گرین ہاؤس گیسوں میں کمی کے ذریعے گلوبل وارمنگ کے خطرے کو کم کرنے کے طریقوں پر توجہ دی جائے گی،

انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے آخری کراچی میں ملائشیا کے نوآبادیاتی فن تعمیر کے ساتھ مل کر کراچی کے تاریخی فن تعمیر کے افتتاح کا مشاہدہ کیاجائے گا۔ اس موقع پر کراچی کی ثقافتی خوبصورتی واپس لانے کے لئے ہیریٹیج فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام کی جانے والی سرگرمیوں کو اُجاگر کیا جائے گا جس کی ہدایت سپریم کورٹ آف پاکستان نے بھی دی ہے،

واضح رہے کہ 2001ء میں قائم ہونے والا آئی این ٹی بی اے یو ایک بین الاقوامی نیٹ ورک ہے جو ہزہائی نس پرنس آف ویلز کی سرپرستی میں قائم کیا گیا۔دنیا بھر کے 100سے زائد ممالک میں اس کے 32سے زائد چیپڑز اور 6000سے زائد ممبران فعال ہیں،

اس نیٹ ورک کے قیام کامقصد رہائش کے لئے روایتی عمارات‘ آرکیٹیکچر اور شہریت کے بہترین مقامات کی تشکیل ہے۔ہیریٹیج فاؤنڈیشن اور ورلڈ ہیبی ٹیٹ کانفرنس کے معاونین ہیں جبکہ کانفرنس کے انعقاد میں محکمہ ثقافت و سیاحت حکومت سندھ‘چیف سیکرٹری سندھ اور کراچی اور حیدرآباد کے کمشنرز کا تعاون شامل ہے۔