شہر کی 50فیصدمرکزی سڑکوں پر اندھیروں کا راج ہے

495

کراچی(رپورٹ:منیر عقیل انصاری)بلدیہ عظمی کراچی کی بدترین کارکردگی کے باعث شہر کی 50فیصدمرکزی سڑکوں پر اندھیروں کا راج ہے۔ بیشتر سڑکیں‘ انڈر پاسز‘ فلائی اوورز‘ پل‘ گلیاں‘ مرکزی شاہراہیں رات کے اوقات میں مکمل طور پرتاریکی میں ڈوبی رہتی ہیں۔ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ الیکٹریکل نے اندھیر نگری مچادی ہے،

شہرکی اہم اور مصروف سڑکوں پر اندھیرے کے باعث شہریوں سے لوٹ مار کی واردات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ شہر ی انتظامی امور کے ذمے داروں کی بدترین کارکردگی کے باعث کراچی اندھیروں کا شہر بن گیا ہے،

شام ہوتے ہی شہر کی سڑکیں‘ گلیاں‘ پل‘ فلائی اوورز مکمل تاریکی میں ڈوب جاتے ہیں جس کی وجہ ان سڑکوں اور فلائی اوورز کی خراب اسٹریٹ لائٹس ہیں شاہراہ فیصل،کارساز روڈ‘ یونیورسٹی روڈ‘ راشد منہاس روڈ‘ سگنل فری کوریڈور3‘ ماڑی پور‘ شاہراہ پاکستان‘ بنارس چوک‘ عبداللہ کالج چورنگی‘ نادرن بائی پاس‘ سہراب گوٹھ‘ ایکسپریس ہائی وے‘ جام صادق پل‘ جمشید روڈ‘ اورنگی ٹاؤن‘ ملیر‘ لائنزایریا‘ آئی آئی چندریگر روڈ‘ شاہراہ پاکستان‘ راشد منہاس روڈ‘ ابوالحسن اصفہانی روڈ‘ حکیم ابن سینا روڈ‘ غریب آباد‘

اسٹیڈیم روڈ‘ سرشاہ سلیمان روڈ‘ حیدری روڈ‘ سخی حسن‘ ناگن چورنگی روڈ‘ لیاقت آباد‘ ناظم آباد‘ تین ہٹی‘ جہانگیر روڈ‘ پی آئی بی کالونی‘ جیل روڈ‘ گرومندر‘ ایم اے جناح روڈ‘ کشمیر روڈ‘ شاہراہ قائدین‘ مائی کلاچی‘ اولڈ کلفٹن روڈ‘ طارق روڈ‘ شارع فیصل‘ کورنگی روڈ‘ شہید ملت روڈ‘ شہید ملت ایکسپریس وے‘ کورنگی کازوے‘ کورنگی تا شاہ فیصل ایکسپریس وے سمیت متعدد علاقوں کی اہم شاہراہیں اسٹریٹ لائٹس خراب ہونے کی وجہ سے تاریکی میں ڈوبی رہتی ہیں،

اس کے علاوہ لیاقت آباد فلائی اوور‘ ناظم آباد فلائی اوور‘ غریب آباد‘ لیاقت آباد‘ ناظم آباد کے انڈر پاسز‘ حسن اسکوائر فلائی اوور‘ نیشنل اسٹیڈیم فلائی اوور‘ کارساز فلائی اوور‘ جناح ٹرمینل فلائی اوور‘ ملیر برج‘ قائدآباد برج‘ کے پی ٹی انٹرچینج‘ جام صادق پل‘ ایف ٹی سی فلائی اوور‘ نرسری فلائی اوور‘ پی آئی ڈی سی فلائی اوور‘ کلفٹن برج سمیت شہر کے اکثر پلوں اور فلائی اوورز پر نصب اسٹریٹ لائٹس خراب ہیں،

یہ سڑکیں‘ پل اور فلائی اوورز جرائم پیشہ عناصر کیلئے جنت بن گئی ہیں اور ان پر جرائم پیشہ افراد کی کارروائیاں شہریوں کیلئے عذاب بن گئی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کے ایم سی کے افسران لٹیروں کے سہولت کار بن گئے ہیں۔ شہر میں اندھیر نگری کے حوالے سے میئر کراچی وسیم اختر نے بھی تاحال کوئی نوٹس نہیں لیاہے۔