کراچی(اسٹا ف رپورٹر)شہر قائد میں کمشنر افتخار شالوانی نان بائیوں سے سرکاری نرخ کی تعمیل کرانے میں مکمل طور پر ناکام ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں دودھ فروشوں کے بعد نان بائیوں سے بھی کمشنر کراچی سرکاری نرخوں کی تعمیل نہ کرا سکے، نان بائیوں نے کمشنر کے احکامات ہوا میں اڑاتے ہوئے من مانے نرخوں پر روٹی فروخت کرنے لگے ہیں۔
کراچی میں نان بائیوں نے روٹی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے، کمشنر نے 14 جنوری کو وزن کے لحاظ سے روٹی کی قیمت 8 تا 10 روپے مقرر کی تھی، تاہم نان بائیوں نے مقرر کردہ نرخوں کا نوٹیفکیشن ہوا میں اڑا دیا ہے، سرکار کے مقرر کردہ نرخ نان بائیوں کی فہرست میں شامل ہی نہیں، فروخت کی جانے والی روٹیوں کا وزن بھی مقرر کردہ حد سے کم ہے۔
کمشنر کراچی کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 120 گرام پیڑے کا تندوری نان 10 جب کہ 110 گرام پیڑے کی تندوری روٹی یا چپاتی 8 روپے کی ہوگی، جب کہ یہ حکم بھی دیا گیا تھا کہ نئی جاری کردہ سرکاری قیمت دکانوں اور تندوروں پر آویزاں کی جائے گی۔
کراچی کے نان بائی روٹی کی نئی قیمتوں کی تعمیل نہیں کر رہے ہیں، روٹیوں کا وزن بھی کم ہے اور شہریوں سے قیمت بھی زیادہ لیے جا رہے ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل کراچی میں دودھ فروشوں نے بھی کمشنر کراچی کی جانب سے جاری کردہ سرکاری نرخ ہوا میں اڑا دیے تھے، اور دودھ تاحال من مانی قیمتوں پر فروخت کیا جا رہا ہے۔