اسلام آباد(کامرس ڈیسک)اسلام آباد چیمبر کے سابق صدر شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ سیاست کو ٹھیک کیے بغیر معیشت کو درست کرکے ملکی ترقی کی راہ ہموار کرناناممکن ہے۔کئی دہائیوں سے سیاسی نظام میں بنیادی اصلاحات کیے بغیر زرعی و صنعتی پیداوار اور برآمدات بڑھانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں جوتوقعات کے مطابق کامیاب نہیں ہو سکی ہیں۔آئین کے مطابق مقننہ کا کام قانون سازی ہے نہ کہ سڑکیں اور نالیاں بنانا۔شاہد رشید بٹ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ اگر اختیارات کا ناجائز استعمال نہ ہو رہا ہوتا تو پاکستانیوں کو دنیا میں سب سے مہنگاآٹا اور مہنگی ترین چینی کھانے پر مجبور نہ کیا جا رہا ہوتا۔ پاکستان کا کمزورانتخابی نظام تمام خرابیوں کی جڑ ہے جس نے کسی متوسط یا غریب طبقہ کے نمائندے کا ایوان بالا یا ایوان زیریں تک پہنچنا ناممکن بنا دیا گیا ہے ۔ایوان کروڑ پتیوں اور ارب پتیوں کی جاگیر بن چکے ہیںجن کی اکثریت اس نظام کا حصہ بننے کے لیے کروڑوں کی سرمایہ کاری کر کے اربوں کا منافع کما رہی ہے۔اگر منتخب نمائندوں کو ترقیاتی منصوبوں کے نام پر اربوں روپے دینے کا سلسلہ بند کر دیا جائے تومفاد پرست عناصر خود سیاست سے الگ ہو جائیں گے جس سے سیاسی نظام میں آلودگی کم ہو جائے گی اور عوام کے حقیقی نمائندے سامنے آئیں گے جو بدلتے ہوئے حالات کے مطابق قانون سازی کر کے ملک کو ترقی کے راستے پر ڈال دیں گے۔