لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ) پاکستان مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنما چودھری مونس الٰہی نے کہا ہے کہ چودھری پرویزالٰہی وزارت اعلیٰ کے امیدوار بالکل نہیں ہیں۔ وزیراعظم سے ملاقات اچھی رہی،جو بھی خدشات تھے دور کردیے۔ ق لیگ کے سابق لوگ نہیں چاہتے عمران خان کامیاب ہوں، انشاء اللہ 2023ء تک حکومت کیساتھ اتحاد قائم رہے گا۔ انہوں نے نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے
کہا کہ وزیراعظم سے پہلی ملاقات اچھی رہی، وزیراعظم عمران خان کے ساتھ کھل کر بات چیت ہوئی ہے، عمران خان پارٹی تحفظات سے آگاہ کیا، وزیراعظم کو یقین دہانی کروائی کہ ہم پنجاب حکومت کے ساتھ ہیں، وزیراعظم کے جو بھی خدشات تھے دور کردیے ہیں، ہماری پارٹی کے کچھ سابقہ لوگ عمرا ن خان کو گمراہ کررہے تھے۔وزیراعظم کے ساتھ کچھ ایسے لوگ ہیں جو چاہتے ہیں عمران خان ناکام ہوجائیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت آٹے اور چینی کے بحران پر قابو پا لے گی۔آٹے اور چینی بحران کے حل کیلیے حکومت نے کوئی مشورہ نہیں مانگا ، ہماری پالیسی ہے ہم پی ٹی آئی کو خود مشورہ نہیں دیتے۔ پی ٹی آئی ہم سے آٹے اور چینی بحران کے بارے میں مشورہ کرے گی تو حل بھی بتائیں گے۔ چودھری مونس الٰہی نے کہا کہ کوشش ہے اتحاد برقرار رہے اور حکومت اپنی مدت پوری کرے۔انشاء اللہ 2023ء تک حکومت کے ساتھ اتحاد قائم رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی وزارت اعلیٰ کے امیدوار بالکل نہیں ہیں۔ چاہتے ہیں پنجاب میں ہماری دو وزارتوں کو مضبوط کیا جائے اور جو بھی معاملات ہیں افہام وتفہیم سے حل کیے جائیں گے۔ پی ٹی آئی کے ساتھ چیزیں بہتری کی جانب جا رہی ہیں، معاملات ابھی سست روی کا شکار ہیں رکے نہیں، کمیٹی پر کوئی اعتراض نہیں، کمیٹی بنانا وزیراعظم کا اختیار ہے۔ ایک دواضلاع میں ٹرانسفر پوسٹنگ کا مسئلہ ہے وزیراعلیٰ نے حل کرا دیا ہے۔