حیدرآباد (کامرس ڈیسک) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے نائب صدر محمد یاسین خلجی سے ملک رٹیلرز ایسوسی ایشن حیدرآباد کے وفد نے چیئرمین عبدالرحمن ناگوری کی سربراہی میں چیمبر سیکریٹریٹ میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران عبدالرحمن ناگوری نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ملک رٹیلرز حضرات کو ہراساں اور اُن کے خلاف کارروائی کرنا بند کرے۔ اُنہوں نے کہا کہ ڈیری فارمز سے رٹیلرز حضرات کو دودھ مہنگے داموں ملتا ہے، جب دُکانداروں کو مہنگے داموں میں دودھ فروخت ہوگا تو وہ کیسے انتظامیہ کے مقرر کردہ ریٹ میں دودھ فروخت کریں گے۔ ملک رٹیلرز ایسوسی ایشن کے وفد نے کمشنر حیدرآباد ڈویژن محمد عباس بلوچ اور ڈپٹی کمشنر عائشہ ابڑو سے درخواست کی کہ وہ اُن سے تعاون کرتے ہوئے جلد اَز جلد دودھ کی قیمتیں مناسب سطح پر مقرر کی جائیں۔ اِس موقع پر سابق صدر محمد اکرم انصاری، سابق سینئر نائب صدر سلیم الدین قریشی، ممبر ایگزیکٹیو کمیٹی محمد الناصر، ملک رٹیلرز ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر کلیم انوار، جنرل سیکریٹری ناصر غوری، جوائنٹ سیکریٹری جنید ناگوری شامل تھے۔