پنک ریزیڈنسی ریفرنس: غنی مجید تمام ملزمان کو حاضری یقینی بنانیکی ہدایت

79

اسلام آباد (آن لائن) احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان کی عدالت نے عبدالغنی مجید وغیرہ کے خلاف پنک ریزیڈنسی ریفرنس میں وکلا کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی، گزشتہ روز سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر وسیم جاوید اور نیب کے گواہ منور عالم عدالت کے روبرو پیش ہوئے جبکہ گرفتارملزمان کو پولیس کی حراست میں اڈیالہ جیل
سے عدالت لایا گیا اس موقع پر ملزم عبدالغنی مجید کی طرف سے حاضری سے استثنا کی درخواست دائر کی گئی، دوران سماعت ملزم احسن اسلم کے وکیل اسلم قریشی نے نیب کے گواہ منور عالم پر جرح کی، آئندہ سماعت پر ریفرنس میں شریک دیگر ملزمان کے وکلا جرح کریں گے،عدالت نے آئیندہ سماعت پر تمام وکلا کو حاضری یقینی بنانے اور نیب کے گواہ کو دوبارہ پیش ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت 26 نومبر تک کے لیے ملتوی کر دی۔علاوہ ازیں احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم یوسف رضاگیلانی اور دیگر کے خلاف اشتہارات کے غیر قانونی ٹھیکوں سے متعلق کیس میں سماعت ملتوی کردی گئی۔کیس میں نامزد ریاض حاشر سمیت دیگر ملزمان نے بریت کی درخواست دائر کر رکھی ہے، عدالت نے بریت کی درخواست پر محفوظ شدہ فیصلہ سنانے کے لیے 27 نومبر کی تاریخ مقرر کر دی ۔مزید برآں احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان کی عدالت نے سابق وزیراعظم شوکت عزیز کے خلاف غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق کیس میں شریک ملزمان کی بریت درخواستوں پر محفوظ فیصلہ مؤخر کردیا۔عدالت نے کیس کی سماعت بغیر کارروائی 27 نومبرتک ملتوی کر دی۔