کرپشن میں جس کو پکڑا جاتا ہے ملک کے اندر بھونچال آجاتا ہے، لیاقت بلوچ

194

جماعت اسلامی پاکستان کے قائم مقام امیر لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ کرپشن میں جس کو پکڑا جاتا ہے ملک کے اندر بھونچال آجاتا ہے۔ ملک کی صورتحال ہر پہلو سے پریشان کن ہے۔

قائم مقام امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے جامع مسجد منصورہ میں چالیس روزہ دورہ تفسیر قرآن کریم کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن ملک کو چاٹ رہی ہےجبکہ نیب نے سپریم کورٹ میں جو فہرست پیش کی ہے اس میں بڑے بڑے نامی گرامی نام موجود ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ کرپشن میں جس کو پکڑا جاتا ہے ملک کے اندر بھونچال آجاتا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ آئین،جمہوریت اور ملک کوخطرہ ہے جیسی آوازیں آناشروع ہو جاتی ہیں۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ احتساب سے کوئی بھی بالاترنہیں ہونا چاہیے۔یہ امت قرآن سے جڑ کر ہی ترقی پاسکتی ہے اور اللہ کا دین قرآن سے منسلک ہونے سے ہی غلبہ پاسکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ قرآن کا ہم پر حق ہے کہ ہم اسے پڑھیں ،سمجھیںاور اس کا پیغام دنیا تک پھیلانے کی جدوجہد کریں۔

لیاقت بلوچ کا مزید کہنا تھا کہ انسانیت کے لیے مصنوعی نظام فیل ہوچکے ہیں اسی لیے بڑی تعداد میں لوگ اسلام میں داخل ہو رہے ہیں جبکہ قرآ ن پاک اللہ کا نور ہے دنیا کی کوئی طاقت اس کو ختم نہیں کرسکتی۔