مشرف کا زرداری پر الزام قابل مذمت ہے، پرویز اشرف

178

لندن (صباح نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما چودھری پرویزاشرف نے کہا ہے کہ سابق ڈکٹیٹر پرویز مشرف بے نظیر بھٹو شہید کا قاتل ہے۔ پرویز مشرف کا بیان انتہائی قابل مذمت ہے وہ اگر اپنے دعوے میں سچا ہے تو پاکستان آکر عدالتوں میں پیش ہو۔ گزشتہ روز اپنے اعزاز میں دی گئی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی مشرف کو انصاف کے کٹہرے میں لانے تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔ انہوں نے کہا کہ مرد حر آصف علی زرداری نے 11 سال جیل کاٹی ان کی زبان پر زخم لگائے گئے لیکن انہوں نے آمریت کے سامنے سر نہیں جھکایا۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری اور چےئرمین بلاول زرداری کی ولولہ انگیز قیادت میں پاکستان میں آئندہ پیپلزپارٹی حکومت بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری شہید بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کے سیاسی نظریے کے وارث ہیں۔ محترمہ بے نظیر بھٹو کو جس وقت شہیدکیا گیا اس وقت مشرف حکمران تھا اور محترمہ کے شہادت کی تمام تر ذمے داری اسی پر عائد ہوتی ہے۔